رسائی کے لنکس

کروناوائرس سے دنیا بھر میں اموات میں ریکارڈ کمی


چین میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سخت احتیاطی تدابیر کی جا رہی ہیں۔ایک سبزی اور پھل فروش نے فاصلہ برقرار رکھنے کے لیے خصوصی بندوبست کیا ہے۔ 14 ستمبر 2022
چین میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سخت احتیاطی تدابیر کی جا رہی ہیں۔ایک سبزی اور پھل فروش نے فاصلہ برقرار رکھنے کے لیے خصوصی بندوبست کیا ہے۔ 14 ستمبر 2022

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے بدھ کے روز کہا کہ گزشتہ ہفتے دنیا بھر میں کرونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد مارچ 2020 سے رپورٹ کی گئی سب سے کم تعداد تھی ، جو کئی سال پر محیط وبا کے لیے ایک اہم موڑ ثابت ہو سکتی ہے ۔

جنیوا میں ایک پریس بریفنگ میں ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس گیبرئسس نے کہا کہ دنیا کویڈ 19 کو روکنے کے لیے کبھی اس سے بہتر صورت حال میں نہیں تھی ۔

اقوام متحدہ کے صحت کے ادار ے نے پینڈیمک کی اپنے ہفتے وار رپورٹ میں کہا کہ گزشتہ ہفتے اموات کی شرح 22 فیصد تک کم ہو گئی اور دنیا بھر میں 11 ہزار سے کچھ ہی زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ۔

کرونا وائرس کے منگل کو مجموعی طور پر 13 لاکھ نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ یہ تعداد 28 فی صد کم ہے۔ عالمی ادارے کا کہنا ہے کہ دنیا کے ہر حصے میں کرونا وائرس میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

تاہم ڈبلیو ایچ او نے خبردار کیا کہ بہت سے ملکوں میں کرونا وائرس کو ٹیسٹ کرنے اور اس پر نظر رکھنے پر کم توجہ دی جا رہی ہے جس کی وجہ سے تمام کیسز ریکارڈ پر نہیں آ رہے اور یہ ظاہر ہو رہا ہے کہ عالمی وبا کے پھیلاؤ میں کمی آ گئی ہے۔

ادارے نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ موسم سرما میں کویڈ 19 میں اضافہ متوقع ہے جسے روکنے کے لیے حکومتوں کو اپنی کوششوں میں اضافہ کرنا ہو گا۔ عالمی ادارے نے اس سلسلے میں اپنی گائیڈ لائنز جاری کی ہیں ۔

عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ وائرس کی نئی تبدیل شدہ اقسام ، وبا کے خلاف اب تک کی کامیابیوں کو زائل کر سکتی ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس گیبرئسس کا کہنا ہے کہ اگر ہم نے اس موقع سے فائدہ نہ اٹھایا تو ہمیں وائرس کی نئی اقسام، مزید اموات، مزید پریشانی اور مزید غیر یقینی صورت حال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

XS
SM
MD
LG