رسائی کے لنکس

سابق برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن دوبارہ وزارت عظمی کی دوڑ میں شامل


سابق برطانوی وزیراعظم بورس جانس (فائل)
سابق برطانوی وزیراعظم بورس جانس (فائل)

ویب ڈیسک۔ برطانیہ میں لز ٹرس کی تاریخی طور پر قلیل المدت حکومت ختم ہونے کے بعد، سابق وزیر اعظم بورس جانسن سمیت متعدد برطانوی قانون ساز م وزارت عظمی کے لئے حمایت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

برطانیہ کی حکمراں کنزرویٹو پارٹی ایک ایسے وقت میں ایک ہفتے کے اندر ایک نیا وزیر اعظم مقرر کرنے کے لئے کو شاں ہے، جب برطانیہ انتہائی اعلی سطح پر غیر یقینی صورت حال کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ لاکھوں لوگ ایسے حالات گزر بسرکے لئے جدوجہد کر رہے ہیں جب کہ کھانے پینے کی اشیاء، ایندھن اور دوسری بنیادی اشیاء صرف کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ اور ریکارڈ افراط زر کے سبب مورٹگیج کی شرح بہت بڑھ گئی ہے۔اور کساد بازاری سر پر منڈلا رہی ہے۔

بورس جانسن نے اگرچہ ابھی یہ اعلان بھی نہیں کیا ہے کہ وہ اقتدار کی دوڑ میں شامل ہیں، لیکن بک میکرز نے ان حالات میں انہیں اس دور کے لئے پسندیدہ امیدواروں میں سے ایک قرار دے دیا ہے جب کہ پارٹی تقسیم اور مایوسی کا شکار ہے اور ایک سال کے اندر اپنا تیسرا وزیر اعظم لانے کے لئے کوشاں ہے۔

ٹرس نے اپنے اقتدار کے پینتالیس ہنگامہ خیز دنوں کے بعد جمعرات کے روز یہ اعتراف کرتے ہوئے اپنا عہدہ چھوڑ دیا تھا کہ وہ اپنے ٹیکس میں کٹوتی کے پیکیج پر عمل نہ کر سکیں اور اسے انہیں ترک کرنا پڑا کیونکہ اس کے سبب مالیاتی منڈیوں میں ہلچل مچ گئی تھی۔

دارالعوام کی لیڈر پینی مور ڈانٹ پہلی امیدوار تھیں جنہوں نے اعلان کیا کہ وہ ٹرس کی جگہ لینے کے لئے امیدوار ہیں۔ وہ بک میکرز کی تیسرے نمبر پر پسندیدہ امیدوار ہیں۔ ان سے اوپر خزانے کے سربراہ رشی سونک ہیں۔ اور پھر جانسن ہیں جنہیں اب بھی اس بارے میں تحقیقات کا سامنا ہے کہ کیا انہوں اپنی وزارت عظمی کے دوران پارلیمنٹ سے غلط بیانی کی،جس کے نتیجے میں ان کی پارلیمنٹ کی رکنیت معطل بھی کی جا سکتی ہے۔

اپنی تمام تر مشکلات کے باوجود بعض قدامت پسند اب بھی یہ سمجھتے ہیں کہ جانسن میں ووٹ حاصل کرنے کی صلاحیت ہے۔

جانسن نے جو ابھی پارلیمنٹ کے رکن ہیں ابھی تک یہ نہیں کہا کہ وہ اس منصب کے امیدوار ہیں، لیکن پارلیمنٹ میں ان کے اتحادی “ میں بورس کی حمایت کرتا ہوں” نامی تحریک کے ذریعے حمایت حاصل کرنے کے لئے کام کر رہے ہیں۔

نئے لیڈر کے انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی تاریخ پیر سہ پہر تک ہے۔

(خبر کا مواد ایسوسی ایٹڈ پریس سے لیا گیا)

XS
SM
MD
LG