سعودی عرب نے معاشی مدد کے طور پر پاکستان کے مرکزی بینک میں جمع کرائے گئے تین ارب ڈالر کی مدت میں توسیع کردی ہے۔
جمعے کو ترقی پذیر ممالک کی مالی معاونت کے لیے قائم کیے گئے سعودی عرب کے ادارے سعودی ڈیولپمنٹ فنڈ نے سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں پاکستان کے مرکزی بینک میں جمع کرائے گئے فنڈ کی مدت میں توسیع کا اعلان کیا ہے۔
بیان کے مطابق خادم الحرمین الشریفین سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں رکھے گئے تین ارب ڈالر کی مدت میں اضافہ کردیا گیا ہے۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ اسٹیٹ بینک میں جمع کیے گئے تین ارب ڈالر کی رقم کی مدت میں توسیع نومبر 2021 میں ہونے والے معاہدے کے تحت کی گئی ہے۔
اس معاہدےکے تحت سعودی عرب نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کو ایکسٹرنل سیکٹر کے مسائل اور پائیدار معاشی ترقی کے اہداف حاصل کرنے کے لیے بطور معاونت یہ رقم اسٹیٹ بینک میں رکھوائی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستان کو جاری کھاتوں کے خسارے اور زرِ مبادلہ کے ذخائر میں کمی جیسے چیلنجز کا سامنا رہا ہے جس کی وجہ سے مقامی سطح پر روپے کی قدر میں گراوٹ، بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بین الاقوامی ادائیگوں کے لیے حکومت کو مشکلات کا سامنا رہا ہے۔