رسائی کے لنکس

کراچی کے میئر کے لیے مضبوط امیدوار کون ؟


فائل فوٹو۔
فائل فوٹو۔

سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں براہِ راست ووٹوں سے منتخب ہونے والے یو سی چیئرمین شہر کے میئر کا انتخاب کریں گے۔

کراچی میں پیپلز پارٹی، پاکستان تحریکِ انصاف، جماعت اسلامی سمیت دیگر جماعتیں بھی انتخابی میدان میں ہیں جب کہ شہر کی بڑی سیاسی جماعت متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم) انتخابات کا بائیکاٹ کرچکی ہے۔

بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے میں انتخابات کا انعقاد آخری رات تک بے یقینی کا شکار رہا لیکن اس سے پہلے انتخابی مقابلہ کرنے والی جماعتیں میئر کے لیے اپنے اپنے امیدواروں کی کامیابی کے دعوے کرچکی ہیں۔

میئر کے انتخاب لڑنے کے لیے امیدوار کو یوسی چیئرمین منتخب کریں گے۔ سوائے ایک جماعت کے کسی نے باضابطہ طور پر میئر کے لیے اپنے امیدوار کے ناموں کا اعلان نہیں کیا ہے جب کہ شہر کی بڑی سیاسی جماعتوں کے اہم رہنما یوسی سطح پر ہونے والے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

’جیالا میئر ‘

صوبے میں حکمران جماعت پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری متعدد بار یہ دعویٰ کرچکے ہیں کہ اس بار کراچی میں میئر ’جیالا‘ ہوگا۔روایتی طور پر پیپلز پارٹی کےکارکنوں کو جیالا کہا جاتا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے اتوار کو اپنے ایک اور بیان میں کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اپنا میئر لانا چاہتی ہے لیکن ساتھ ہی انہوں نے یہ عندیہ بھی دیا ہے کہ میئر کے لیے حکمران اتحاد پی ڈی ایم مشترکہ امیدوار لاسکتی ہے۔ کراچی میں پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں میں سے صرف پیپلز پارٹی سب سے فعال انداز میں حصہ لے رہی ہے۔

پیپلز پارٹی کے نمایاں امیدواروں کی بات کی جائے تو پیپلز پارٹی کے رہنما نجمی عالم کراچی کے صدر ٹاؤن کی یوسی 11 سے چیئرمین اور یوسی 12 سے نائب چیئرمین کا انتخاب لڑ رہے ہیں۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق نجمی عالم اور کراچی کے سابق ایڈمنسٹریٹر مرتضیٰ وہاب کو پیپلز پارٹی میں میئر کا مضبوط امیدوار قرار دیا جا رہا ہے۔

میئر کے امیدوار کی مہم

اگرچہ شہر میں میئر کا انتخاب بالواسطہ طریقے سے ہوگا لیکن کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی واحد سیاسی پارٹی ہے جس نے میئر کے لیے اپنے امیدوار کی مہم چلائی ہے۔

جماعت اسلامی نے میئر کے لیے حافظ نعیم الرحمن کو اپنے چہرے کے طور پر پیش کیا ہے اور یوسی اور کونسل سطح تک اسی بنیاد پر ووٹ حاصل کرنے کی مہم چلائی ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نارتھ ناظم آباد کی یوسی آٹھ سے چیئرمین کا انتخاب لڑ رہے ہیں۔

تحریک انصاف کے بڑے امیدوار

پاکستان تحریکِ انصاف کے تین بڑے رہنما بلدیاتی انتخابات میں یو سی چیئرمین کا انتخاب لڑ رہے ہیں۔

سندھ کی صوبائی اسمبلی میں تحریکِ انصاف کے پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان صدر صدر ٹاؤن کی یو سی 11 میں چیئرمین کے امیدوار ہیں۔ پیپلز پارٹی کے نجمی عالم ان کے مدِ مقابل ہیں۔

رکنِ صوبائی اسمبلی اور سندھ کے سابق اپوزیشن لیڈر فرودس شمیم نقوی صدر سولجر بازار یو سی ٹو سے انتخاب لڑے رہے ہیں۔

اسی طرح تحریکِ انصاف کے بانی رکن اشرف جبار قریشی نارتھ ناظم آباد کی پاپوش نگر یو سی ایک اور خاموش کالونی یو سی چھ کے چیئرمین کا الیکشن لڑ رہے ہیں۔

کراچی کے میئر کے لیے اشرف جبار قریشی اور خرم شیر زمان دونوں کو مضبوط امیدوار قرار دیا جارہا ہے اور دونوں رہنماؤں کے درمیان اختلافات کی خبریں بھی سامنے آتی رہی ہیں۔

پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی پارٹی چیئرمین عمران خان کو ایک خط میں میئر کے لیے خرم شیر زمان اور اشرف جبار قریشی کے نام تجویز کرچکے ہیں۔ لیکن تاحال تحریکِ انصاف نے میئر کے لیے امیدوار کا باضابطہ اعلان نہیں ہوا ہے۔

XS
SM
MD
LG