رسائی کے لنکس

دبئی ایئرپورٹ پر مسافروں کی ریکارڈ تعداد میں آمد


دوبئی انٹرنیشنل ائر پورٹ
فائل فوٹو۔اے ایف پی
دوبئی انٹرنیشنل ائر پورٹ فائل فوٹو۔اے ایف پی

2022 میں ،دبئی کے ہوائی اڈے کو چھ کروڑ 60 لاکھ مسافروں نے استعمال کیا، جو پچھلے سال کے مقابلے میں دوگنی سے زیادہ تعداد ہے۔

منگل کے روز ایئرپورٹ کے چیف ایگزیکٹو نے بتایا کہ اس بڑے ا اضافے کی ایک وجہ روسی مسافروں کی آمد میں ہونے والا نمایاں اضافہ ہے۔

تیل کی دولت سے مالا مال متحدہ عرب امارات کا تجارتی مرکز دبئی دنیا کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں سے ایک ہے۔

ایک بیان کے مطابق،’’2022 کے دوران کل 66,069,981 مسافردوبئی کے ہوائی اڈے پر اترے جو 127 فیصد سالانہ اضافہ بنتا ہے۔‘‘

2021 میں، تقریباً تین کروڑ مسافر دبئی سے گزرے، اور حکام کو سال 2022 میں پانچ کروڑ ستر لاکھ مسافروں کی توقع تھی،لیکن آنے والوں کی تعداد کہیں زیادہ تھی۔

سی ای او پال گریفتھس کا کہنا تھا کہ بھارت، سعودی عرب اور برطانیہ سے آنے والےمسافروں کی تعداد سر فہرست رہی، لیکن اس اضافے میں روسی مسافروں کا بھی بہت بڑا حصہ تھا ۔

کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے دنوں میں دبئی ایئرپورٹ کا ایک منظر۔ فائل فوٹو
کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے دنوں میں دبئی ایئرپورٹ کا ایک منظر۔ فائل فوٹو

انہوں نے اے ایف پی کو بتایا کہ ایک سال پہلے جب سے، یوکرین اور روس کے درمیان کشیدگی شروع ہوئی ہے ہم نے روسی آمد و رفت میں بہت بڑا اضافہ دیکھا ہے۔

یوکرین میں روس کی جنگ کو ایک سال پورا ہونے کو ہے ،اس دوران متحدہ عرب امارات نے اپنا غیر جانبدارانہ موقف برقرار رکھا ہے۔

مغربی پابندیوں کے اثر سے فرار ہونے والے امیر روسیوں کے لیے خلیجی ملک ایک اولین منزل کے طور پر ابھرا ہے۔

بروکریج بیٹر ہومز کے مطابق گزشتہ سال دبئی کی جائیدادوں کے سب سے زیادہ خریدار روسی تھے، جس سے گزشتہ سال شہر میں رئیل اسٹیٹ میں ریکارڈ لین دین ہوا۔

کووڈ 19 کی وجہ سے دبئی کے ہوائی اڈے کو مارچ سے جولائی 2020 تک تجارتی پروازوں کے لیے مختصر طور پر بند کر دیا گیا تھا۔ لیکن وبائی مرض کے بعد یہ ائیر پورٹ دوبارہ کھلنے والے پہلے سفری مراکز میں سے یہ ایک تھا۔

خبر کا مواد اے ایف پی سے لیا گیا۔

XS
SM
MD
LG