رسائی کے لنکس

لاہور کا کورکمانڈر ہاؤس جو کبھی بانیٔ پاکستان محمد علی جناح کی ملکیت بھی تھا


لاہور چھاونی میں مظاہرین کے ایک اہم رہائش گاہ کو لوٹنے کے بعد نذرآتش کر دیا۔ 10 مئی 2023
لاہور چھاونی میں مظاہرین کے ایک اہم رہائش گاہ کو لوٹنے کے بعد نذرآتش کر دیا۔ 10 مئی 2023

کور کمانڈر لاہور کی سرکاری رہائش گاہ میں اِس وقت ملبہ اکٹھا کرنے اور صفائی ستھرائی کا کام چل رہا ہے۔ دو دِن قبل تک یہ کور کمانڈر ہاؤس ایک صاف ستھری، خوبصورت اور محفوظ رہائشگاہ تھی۔ جس کے آس پاس کھڑے ہونا اور تصویر تک بنانا ممنوع تھا۔ اب یہ ایک کھنڈر کی تصویر پیش کر رہاہے۔

نو مئی کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد میں رپورٹنگ کے لیے عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک پہنچا تو و ہاں کینال روڈ پر پی ٹی آئی کے کارکنوں نے رکاوٹوں کی مدد سے سڑک کو بند کر رکھا تھا۔ جہاں کسی کو بھی آنے جانے کی اجازت نہیں تھی۔

پی ٹی آئی کے کچھ کارکن صحافیوں کے ساتھ بدتمیزی کر رہے تھے اور انہیں مناظر کیمروں میں فلم بند کرنے سے روک رہے تھے۔ جس کے باعث پولیس کی نفری مال روڈ پر پہنچنا شروع ہو گئی۔ رپورٹنگ کے دوران مجھے معلوم ہوا کہ پی ٹی آئی کے کچھ کارکن لاہور کنٹونمنٹ کے علاقے کی طرف ٹولیوں کی صورت میں بڑھ رہے ہیں جہاں سے وہ کور کمانڈر ہاؤس کی طرف جانا چاہتے ہیں۔ میں بھی ان کے ساتھ لاہور کینٹ پہنچ گیا۔

میں جونہی کینٹ کے علاقے میں پہنچا تو کچھ لوگ جن کے ہاتھوں میں ڈنڈے تھے ایک فوجی میس میں نعرے لگاتے ہوئے داخل ہو رہے تھے۔ مظاہرین کے مطابق یہی کور کمانڈ ہاؤس تھا۔ اتنے میں کچھ مزید مشتعل لوگ وہاں پہنچے جنہوں نے پہلے سے موجود لوگوں کو کہا کہ یہ کور کمانڈر ہاؤس نہیں ہے۔وہ آگے ہے۔ جس کے بعد لوگوں کا جتھہ کور کمانڈر ہاؤس کی طرف بڑھنے لگا۔

لوگوں کی بڑی تعداد ٹولیوں کی صورت میں کور کمانڈر ہاؤس کے مرکزی دروازے پر پہنچ گئی۔ جب انہوں نے اندر داخل ہونے کی کوشش کی تو وہاں حفاظت پر تعینات افراد نے لوگوں کو اندر جانے سے روکا۔ مگر مظاہرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث وہ انہیں اندر جانے سے نہیں روک سکے۔ اِسی اثنا میں پی ٹی آئی کے کچھ مزید گروہ ڈنڈے اٹھائے وہاں پہنچ گئے۔ اِن میں کچھ افراد ایسے بھی تھے جن کے چہروں پر ماسک تھے۔ مظاہرین میں بڑی تعداد میں خواتین بھی شامل تھیں۔

لاہور کے کئی علاقوں میں مظاہرین نے بڑے پیمانے پر توڑپھوڑ کی۔ 9 مئی 2023 فوٹو۔ اے ایف پی
لاہور کے کئی علاقوں میں مظاہرین نے بڑے پیمانے پر توڑپھوڑ کی۔ 9 مئی 2023 فوٹو۔ اے ایف پی

واضح رہے کور کمانڈر ہاؤس لاہور میں کمانڈر فور کور کی سرکاری رہائش گاہ ہے۔ جس کا سرکاری نام جناح ہاؤس ہے۔ یہ گھر مال روڈ پر واقع ہے۔ اِس گھر کے باہر آج بھی جناح ہاوس کی تختی لگی ہے۔ لاہور کنٹونمنٹ بورڈ کے مطابق جناح ہاؤس لاہور محکمہ مال کی جائیداد ہے۔ یہ گھر کور کمانڈر ہاؤس لاہور کی سرکاری رہائش گاہ کے طور پر استعمال ہوتا ہے۔

اپنا نام نہ بتانے کی شرط پر کنٹونمںٹ بورڈ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ بتایا کہ کور کمانڈر ہاوس کی حفاظت کی ذمہ داری فوج کی ہوتی ہے۔ یہ گھر لاہور چھاونی کے سب سے بڑے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل کی رہائش گاہ ہوتی ہے۔ اہل کار کے مطابق کور کمانڈر ہاوس کے اندر اور باہر چوبیس گھںٹے سادہ کپڑوں میں بھی فوجی اہل کار حفاظت کے لیے تعینات رہتے ہیں۔

کینٹونمںٹ بورڈر کے ریکارڈ کے مطابق جناح ہاؤس ایک تاریخی حیثیت کی عمارت ہے جو پاکستان بننے سے قبل بنائی گئی تھی۔ ریکارڈ کے مطابق یہ عمارت برطانوی دور میں تعمیر ہوئی تھی۔ ریکارڈ کے مطابق جناح ہاؤس میں بانی پاکستان محمد علی جناح متعدد بار قیام کر چکے ہیں۔ اِس گھر میں ان کے زیرِ استعمال بہت سی چیزیں بطور نوادرات رکھی گئیں تھیں۔

لاہور میں آنسو گیس کی شیلنگ کے بعد مظاہرین کا پولیس پر پتھراؤ۔ 9 مئی 2023۔ فوٹو اے ایف پی
لاہور میں آنسو گیس کی شیلنگ کے بعد مظاہرین کا پولیس پر پتھراؤ۔ 9 مئی 2023۔ فوٹو اے ایف پی

کور کمانڈر ہاؤس کے مرکزی دروازے کے اندر داخل ہوتے ہی بائیں جانب دو گاڑیاں کھڑی تھیں۔ جنہیں مظاہرین توڑتے ہوئے آگے بڑھ گئے۔ جس کے بعد مظاہرین نے کور کمانڈر ہاؤس کے باغیچے میں رکھے گملے توڑنے اور پودے اکھاڑنے شروع کر دیے اور ساتھ ہی وہاں رکھا فرنیچر توڑنے لگے۔

اِس کے بعد مظاہرین کور کمانڈر ہاوس کے رہائشی علاقے میں داخل ہونا شروع ہو گئے۔ مظاہرین نعرے لگاتے ہوئے ایک کمرے سے دوسرے کمرے میں جا رہے تھے۔ اِسی اثنا میں ایک نعرہ لگایا گیا کہ سب کچھ توڑ دو۔ نعرے پر من وعن عمل کرتے ہوئے کور کمانڈر ہاؤس میں رکھی چیزوں کو تورٹنا شروع کر دیا گیا۔ مظاہرین کمانڈر ہاؤس میں رکھی چیزوں کو ڈنڈوں کی مدد سے توڑ رہے تھے اور کچھ چیزوں کو زمین پر پٹخ پٹخ کر توڑ رہے تھے۔

میں اِن تمام مناظر کی فلم بندی کر ہی رہا تھا کہ لوگوں نے کور کمانڈر ہاؤس کے اندر رکھی چیزوں کو اٹھانا اور وہاں سے لے جانا شروع کر دیا۔ جس کے ہاتھ میں جو آیا اس نے اسے مالِ غنیمت جانا اور لوٹنا شروع کر دیا۔مشتعل مظاہرین نے کمانڈر ہاؤس کے اندر رکھی چیزوں کو جو وہ باآسانی اُٹھا سکتے تھے اٹھا لیں اور جن چیزوں کو بھاری ہونے یا بڑی ہونے کی وجہ سے نہیں اٹھایا جا سکتا تھا انہیں توڑنا شروع کر دیا۔

لاہور کنٹونمٹ کے علاقے میں پی ٹی آئی کے کارکن اپنی پارٹی کے جھنڈے نصب کر رہے ہیں۔ 10 مئی 2023
لاہور کنٹونمٹ کے علاقے میں پی ٹی آئی کے کارکن اپنی پارٹی کے جھنڈے نصب کر رہے ہیں۔ 10 مئی 2023

مظاہرین ایک کمرے سے دوسرے کمرے، مہمان خانے لاؤنج اور دیگر کمروں سے ہوتے ہوئے باورچی خانے میں داخل ہوئے جہاں رکھے تمام برتن اور باقی ماندہ چیزیں لوٹنی اور توڑنی شروع کر دیں۔ کمانڈر ہاؤس کے اندر آویزاں قیمتی تصاویر، پینٹنگز، نمائشی چیزیں، آرائشی لائٹس، برقی قمقمے حتٰی کہ فرج میں رکھی کھانے پینے کی چیزیں بھی لوٹنے لگے۔ مظاہرین نے کمانڈر ہاؤس کے کپڑوں کی الماری سمیت ہر جگہ کی تلاشی لی، جس کے ہاتھ جو آیا اسے لوٹ لیا گیا اور جو بچ گیا اُے توڑ دیا ۔

اِس کے بعد مظاہرین نے رہائشی عمارت سے نکل کر سوئمنگ پول کا رخ کیا۔ وہاں کا مرکزی دروزہ توڑا، ایئر کنڈشنر اور وہاں رکھا فرنیچر توڑ دیا۔ ااس کے بعد ڈنڈا بردار مظاہرین کمانڈر ہاوس کے عقبی دروازے سے ہوتے ہوئے عقبی صحن میں پہنچے جہاں چھ گاڑیاں کھڑی تھیں۔ ڈنڈا بردار مظاہرین نے اِن گاڑیوں پر ڈنڈے برسانے شروع کر دیے ۔ عقبی دروازے کے ساتھ ہی ایک چھوٹی مسجد تھی جہاں کوئی نہیں گیا۔

مظاہرین میں سے ایک نے کمانڈر ہاؤس میں رکھی اعزازی شمشیر اٹھائی اور چلتے بنے۔ ایک شخص نے دیوار پر لگا ہرن کا نمائشی سر اپنے سر پر پہن کر چلے گئے۔ مظاہرین میں سے ایک شخص جو چپل پہن کر آیا تھا اس نے وہاں رکھے نئے جوگر پہنے اور جانے لگا تو میں نے اس سے پوچھا کہ یہ توبڑے سائز کے ہیں۔ جس پر اس نے جواب دیا کہ وہ اِسےفٹ کروا لے گا۔

کور کمانڈر ہاؤس میں ہونے والی توڑ پھوڑ اور لوٹ مار میں خواتین بھی پیچھے نہیں تھیں۔ مظاہرین میں سے ایک خاتون نے گھر میں رکھی چیزیں لوٹیں تو میں نے اُن سے پوچھا کہ آپ نے انہیں کیوں اٹھایا ہے۔ جس پر خاتون نے جواب دیا کہ یہ ہمارے پیسوں کی چیزیں ہیں۔ اِن پر ہمارا حق ہے اور انہوں نے اپنا حق لے لیا ہے۔ میں نے جب خاتون سے اُن کا نام پوچھا تو انہوں نے جواب دیا نامعلوم افراد ۔ لوٹ مار کرنے والوں میں سے ایک شخص نے کور کمانڈر ہاؤس میں رکھا مور تک لوٹ لیا۔

لوٹ مار کرنے کے بعد مظاہرین نے کور کمانڈر ہاؤس ک کو آگ لگانا شروع کر دی۔ ڈنڈا بردار مظاہرین ایک ایک کر کے کمروں میں جاتے اور آگ لگا دیتے۔ کمانڈر ہاوس کی کوئی جگہ ایسی رہ نہیں گئی تھی جس کو آگ نہ لگائی گئی ہو۔

لاہور میں مظاہرین نے متعدد مقامات پر آگ لگا دی۔ 10 مئی 2023
لاہور میں مظاہرین نے متعدد مقامات پر آگ لگا دی۔ 10 مئی 2023

محقق اور بیوروکریٹ ڈاکٹر سعد خان کی کتاب محمد علی جناح، دولت، جائیداد اور وصیت میں محمد علی جناح کے اثاثوں کا جائزہ لیا گیا ہے۔ کتاب کے مطابق لاہور کے مال روڈ پر پونے پانچ ایکڑ پر محیط 53 نمبر بنگلہ جناح ہاؤس کہلاتا ہے۔ یہ بنگلہ محمد علی جناح نے اس وقت میں ایک لاکھ 62 ہزار پانچ سو روپے میں خریدا تھا۔ کتاب میں لکھا گیا ہے کہ گھر خریدنے کا یہ سودا محمد علی جناح کی جانب سے عدالت عظمٰی کے جج جسٹس قاضی فائز عیسی کے والد قاضی محمد عیسٰی نے کیا تھا۔ یہ بنگلہ اَب کور کمانڈر ہاؤس کہلاتا ہے۔

حکومت کے مطابق کور کمانڈر ہاوس میں توڑ پھوڑ اور لوٹ مار کرنے میں پاکستان تحریک انصاف کے لوگ شامل ہیں جبکہ پی ٹی آئی اِس الزام کو مسترد کرتی ہے۔ پی ٹی آئی کے مطابق اُن کا شرپسند عناصر سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

کنٹونمںٹ بورڈ کے مطابق کور کمانڈر لاہور کی رہائش گاہ کو آگ لگانے، لوٹ مار اور ہنگامہ آرائی کرنے والوں کو قانون کے مطابق سخت سزائیں ہو سکتی ہیں۔ فوجی املاک اور تنصیبات کو نقصان پہنچانے اور ان علاقوں میں ہنگامہ آرائی کے خلاف قوانین سخت نوعیت کے ہیں جن کے تحت سزائیں بھی سخت ہو سکتی ہیں۔

XS
SM
MD
LG