رسائی کے لنکس

راہل گاندھی کی چار ماہ بعد پارلیمنٹ میں واپسی


بھارت کی حزبِ اختلاف کی سب سے بڑی جماعت کانگریس کے رہنما راہل گاندھی کی چار ماہ بعد پارلیمنٹ میں واپسی ہوئی ہے۔

سپریم کورٹ نے گزشتہ ہفتے 'مودی' کی ہتک کے مقدمے میں راہل گاندھی کی سزا کو معطل کر دیا تھا جس کے بعد ان کی لوک سبھا کی رکنیت بحال ہو گئی ہے۔

راہل گاندھی پیر کو جب لوک سبھا پہنچے تو 26 جماعتوں کے اپوزیشن اتحاد انڈین نیشنل ڈویلپمنٹ انکلوسیو الائنس (انڈیا) کے ارکانِ پارلیمنٹ نے ان کا استقبال کیا اور ان کے حق میں نعرے بازی کی۔

اس سے قبل راہل گاندھی نے پارلیمنٹ کی عمارت میں نصب بھارت کے بانی مہاتما گاندھی کے مجسمے کے سامنے سلامی پیش کی لیکن اس موقع پر انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے کوئی گفتگو نہ کی۔

لوک سبھا میں راہل گاندھی کی واپسی ایسے موقع پر ہوئی ہے جب وزیرِ اعظم نریندر مودی کو منی پور واقعہ پر ایوان پر بیان نہ دینے کے معاملے پر عدم اعتماد کی تحریک کا سامنا ہے۔

راہل گاندھی کی پارلیمنٹ کی عمارت میں نصب مہاتما گاندھی کے مجسمے کے سامنے اظہار عقیدت
راہل گاندھی کی پارلیمنٹ کی عمارت میں نصب مہاتما گاندھی کے مجسمے کے سامنے اظہار عقیدت

اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد (انڈیا) کی جانب سے لوک سبھا میں پیش کردہ عدم اعتماد کی تحریک پر منگل سے بحث متوقع ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس تحریک پر جمعرات کو ووٹنگ ہو گی۔

راہل گاندھی کی لوک سبھا میں واپسی کو اپوزیشن اتحاد کی مضبوطی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے قانون سازوں نے راہل گاندھی کی 2019 میں کی گئی ایک تقریر کو جواز بنا کر ان کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا جس میں ان کا دعویٰ تھا کہ کانگریس رہنما نے وزیرِ اعظم مودی پر تنقید کرتے ہوئے مودی ذات کو نشانہ بنایا ہے۔

بعدازاں رواں برس مارچ میں عدالت نے اس مقدمے میں راہل گاندھی کو دو سال قید کی سزا سنائی تھی جس کی وجہ سے وہ اسمبلی رکنیت سے محروم ہو گئے تھے۔

سپریم کورٹ نے چار اگست کو راہل گاندھی کی اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے ان کی سزا معطل کر دی تھی۔

کانگریس جماعت کے صدر ملک ارجن کھڑگے کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ راہل گاندھی کی اسمبلی رکنیت کی بحالی کے سپریم کورٹ کے فیصلے نے بھارت بھر کے عوام کو ریلیف دیا ہے۔

دوسری جانب بی جے پی کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے راہل گاندھی کی صرف سزا معطل کی ہے اور ماتحت عدالت کے فیصلے کو ختم نہیں کیا۔

فورم

XS
SM
MD
LG