بھارت کی مسافر ٹرین کی ایک بوگی میں آگ لگنے سے کم از کم 10 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہو گئے ہیں۔
بھارت کی سدرن ریلوے کے حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ریاست تمل ناڈو کے شہر مدورائی میں مسافر ٹرین کی پرائیوٹ بوگی میں اس وقت آگ بھڑکی جب مسافروں نے بوگی میں 'غیرقانونی طور پر لاگئے گئےسلینڈر' کو استعمال کرنے کی کوشش کی۔
سلینڈر پھٹںے کے بعد آگ دیکھتے ہی دیکھتے پوری بوگی میں پھیل گئی اور آگ کے شعلے فضا میں بلند ہونے لگے۔
سدرن ریلوے کے مطابق مقامی وقت کے مطابق ہفتے کی علی الصباح لگ بھگ پانچ بجکر پندرہ منٹ پر بوگی میں آگ لگی جس کے آدھےگھنٹے بعد فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچا اور اس نے تقریباً سوا سات بجے آگ پر قابو پالیا۔
ڈسٹرکٹ کلیکٹر ایم ایس سنگیتا کے مطابق حادثے میں 10 افراد ہلاک ہوئے ہیں جب کہ 20 زخمیوں کو قریبی اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق جمعے کو ریاست تمل ناڈو کے نگرکوائل جنکشن پر مسافر ٹرین مدورائی ایکسپریس کے ساتھ پرائیوٹ بوگی جوڑی گئی تھی جس میں سوار مسافروں نے غیر قانونی طور پر سلینڈر بھی اپنے ہمراہ رکھا۔
بھارتی نشریاتی ادارے 'این ڈی ٹی وی ' کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ بوگی میں آگ اس وقت لگی جب ٹرین ایک پلیٹ فارم پر کھڑی تھی اور چند مسافروں نے اس موقع پر سلینڈر پر چائے بنانے کی کوشش کی۔
حکام کا مزید کہنا ہے آگ کو پھیلتے ہوئے دیکھ کر کچھ مسافر بوگی سے باہر نکل آئے جب کہ کچھ پہلے ہی پلیٹ فارم پر اتر چکے تھے۔
محکمۂ ریلوے نے حادثے میں ہلاک ہوے والوں کے اہلِ خانہ کے لیے فی کس 10 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔
فورم