رسائی کے لنکس

لاکھوں فلسطینیوں  کی سینائی میں منتقلی قبول نہیں ، مصری صدر


مصری صدر عبدل فتح السیسی فوٹو اے ایف پی 15 اکتوبر 2023
مصری صدر عبدل فتح السیسی فوٹو اے ایف پی 15 اکتوبر 2023

مصر کے صدر عبدالفتح السیسی نے بدھ کے روز کہا ہے کہ ان کا ملک لاکھوں فلسطینیوں کی سینا ئی میں جبری منتقلی قبول نہیں کرے گا کیونکہ اس اقدام سے یہ جزیرہ نما اسرائیل کے خلاف حملوں کے ایک اور مرکز میں تبدیل ہو سکتا ہے۔

قاہرہ میں جرمنی کے چانسلر اولف شولز کے ساتھ ایک مشترکہ کانفرنس میں السیسی کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت غزہ کی پٹی اسرائیل کے مؤثر کنٹرول میں ہے اور اسرائیل فلسطینیوں کو اس وقت تک کے لیے سینائی کی بجائے اپنے صحرائی علاقے نقب میں بھیج سکتا ہے، جب تک وہ عسکریت پسندوں سے پوری طرح نمٹ نہیں لیتا۔

مصر کے صدر عبدالفتح السیسی اور جرمنی کے چانسلر اولف شولز قاہرہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں۔ 18 اکتوبر 2023
مصر کے صدر عبدالفتح السیسی اور جرمنی کے چانسلر اولف شولز قاہرہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں۔ 18 اکتوبر 2023

سینائی تقریباً 67 ہزار مربع کلومیٹر پر مشتمل ایک مثلث نما مصری علاقہ ہے۔ اس کے شمال میں بحیرہ روم اور جنوب میں بحیرہ احمر ہے۔ اس جزیرہ نما کے مغرب میں نہر سوئز اور مشرق میں اسرائیل ہے۔ سینائی کا زیادہ تر علاقہ ریگستان اور خشک پہاڑوں پر مشتمل ہے۔

مصر کے جزیرہ نما سینائی اور غزہ کی پٹی کے درمیان رفح کراسنگ ہی وہ واحد زمینی راستہ ہے جو اس فلسطینی علاقے میں شامل ہے جس پر اسرائیل کا کنٹرول نہیں ہے۔

اسرائیل کی جانب سے شدید بمباری اور غزہ کی ناکہ بندی سے، جس کا مقصد غزہ کی پٹی کو کنٹرول کرنے والے عسکری گروپ حماس کا خاتمہ ہے، یہ خدشات پیدا ہو گئے ہیں کہ 23 لاکھ فلسطینی جنوب میں واقع سینائی جانے پر مجبور ہو سکتے ہیں۔

غزہ کے اسپتال پر حملہ؛ اسرائیل اور فلسطینیوں کا ایک دوسرے پر الزام
please wait

No media source currently available

0:00 0:01:04 0:00

السیسی کا کہنا تھا کہ اس وقت غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہےوہ وہاں کے رہنے والوں کو پناہ گزینی اختیار کرنے اور مصر منتقل ہونے پر مجبور کرنا ہے، جسے قبول نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مصر فلسطینیوں کے مسئلے کو فوجی طریقے سے حل کرنے یا فلسطینیوں کو اپنی سرزمین سے زبردستی بے دخل کرنے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کرتا ہے جس کی قیمت خطے کے دوسرے ملکوں کو ادا کرنی پڑے گی۔

اسرائیل حماس جنگ: آن لائن غلط معلومات میں اضافہ
please wait

No media source currently available

0:00 0:02:52 0:00

مصر کے صدر کا کہنا تھا کہ غزہ کے رہنے والوں کو سینائی کی جانب منتقل کرنے کے خلاف لاکھوں مصری احتجاج کرنے باہر نکل آئیں گے۔

مصر کے موقف کا حوالہ دیتے ہوئے حماس کے ایک عہدے دار اسامہ حمدان نے بیروت میں ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ یہ موقف فلسطینیوں کے حقیقی تحفظ کی نمائندگی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عرب حکام اور عوام کو اس موقف کا ساتھ دینا چاہئے۔

مصر غزہ کی شمال مشرقی سرحد پر واقع سینائی کی سیکیورٹی کے لیے فکرمند ہے جہاں کئی عشرے قبل اسلام پسندوں کی بغاوت ہوئی تھی۔

السیسی کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کی سینائی میں منتقلی کے کسی بھی اقدام کا مطلب یہ ہو گا کہ ہم مزاحمت کے نظریے اور جنگ کو غزہ کی پٹی سے سینائی منتقل کر رہے ہیں اور اس کے نتیجے میں سینائی اسرائیل کے خلاف کارروائیاں شروع کرنے کا مرکز بن جائے گا۔

اردن نے بھی،جس کی سرحد اسرائیل کے زیر قبضہ مغربی کنارے سے ملتی ہے اور جہاں اسرائیل کے قیام کے بعد اپنے گھروں سے بے دخل ہونے والے زیادہ تر فلسطینیوں کو پناہ لینی پڑی تھی، مزید فلسطینیوں کو غزہ کی سرزمین سے نکالنے کی مخالفت کی ہے۔

(اس تحریر کے لیے کچھ مواد رائٹرز سے لیا گیا ہے)

فورم

XS
SM
MD
LG