رسائی کے لنکس

یمن کے حوثی باغیوں کے خلاف امریکہ کی پھر کارروائی، 10 ڈرون لانچ سے قبل تباہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ نے یمن کے ایک بڑے حصے پر قابض حوثی باغیوں کے خلاف تازہ کارروائی کی ہے اور 10 ایسے ڈرون تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے جن کو ابھی لانچ کرنے کے لیے تیار کیا جا رہا تھا۔

امریکہ کی فوج کے سینٹرل کمانڈ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکی بحریہ کے ایک جہاز نے خلیج عدن میں تین ایرانی ڈرونز اور ایک حوثی اینٹی شپ بیلسٹک میزائل کو بھی مار گرایا۔

ان واقعات میں کسی کے زخمی ہونے یا نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

یہ حملے ایسے وقت ہوئے ہیں جب غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ سے خطے میں کشیدگی پھیل رہی ہے۔

ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے حالیہ ہفتوں میں بحیرۂ احمر اور خلیج عدن میں تجارتی جہازوں پر ڈرون اور میزائل حملے شروع کیے تھے۔

حوثی ان حملوں کو غزہ میں اسرائیل کی فوجی کارروائیوں کا جواب اور فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی قرار دیتے رہے ہیں۔

یمن کے حوثی باغیوں کے حملوں نے بین الاقوامی جہاز رانی کو متاثر کیا ہے جس کے بعد امریکہ اور اس کے اتحادی بعض ممالک نے حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر حملے شروع کیے۔

دوسری جانب امریکہ حوثی باغیوں کو ایک بار پھر دہشت گردوں گروہوں کی فہرست میں شامل کر چکا ہے۔

بدھ کو حوثی باغیوں نے ایک بار پھر دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے خلیج عدن میں امریکہ کے ایک تجارتی بحری جہاز کو نشانہ بنایا ہے۔

انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس سے چند گھنٹے قبل حوثیوں نے امریکہ کی بحریہ کے تباہ کن جہاز گریلی پر میزائل داغے تھے۔

بحیرۂ احمر اور اس کے آس پاس بحری جہازوں پر حوثیوں کے حملوں کے سبب ایشیا اور یورپ کے درمیان تجارت سست ہو گئی ہے جب کہ درآمد اور برامد میں رکاوٹوں کا اندیشہ ہے۔

بڑی طاقتوں کو اس بات کا خدشہ ہے کہ ان حالات میں غزہ جنگ ایک علاقائی تنازع بن سکتی ہے۔

امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے جنوری کے اوائل میں کہا تھا کہ حوثی اہداف پر حملے جاری رہیں گے۔

ساتھ ہی انہوں نے اس بات کو تسلیم کیا تھا کہ حوثی اپنے حملوں کو روک نہیں رہے۔

مشرق وسطی میں لڑائی کا دائرہ پھیلتا کیوں جا رہا ہے؟
please wait

No media source currently available

0:00 0:08:58 0:00

اسرائیل نے حماس کے زیرِ انتظام غزہ میں گزشتہ سال سات اکتوبر میں حماس کے جنوبی اسرائیل پر حملے کے بعد عسکری کارروائی شروع کی تھی۔ حماس کے حملے میں اسرائیل کے مطابق 1200 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

دوسری طرف غزہ کے حماس کے زیرِ انتظام محکمۂ صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی کارروائی میں اب تک 27 ہزار سے زائد فلسطینی مارے گئے ہیں۔

اس رپورٹ میں شامل معلومات خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ سے لی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG