امریکہ پاکستان کے الیکشن میں دھاندلی کے خلاف آواز اٹھائے، عمران خان کا مطالبہ
پاکستان تحریکِ اںصاف خیبر پختونخوا کے ترجمان بیرسٹر سیف علی خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے امریکہ سے مطالبہ کیا ہے وہ پاکستان کے انتخابات پر نظر رکھے اور آٹھ فروری کو ہونے والے انتخابات میں ہونے والی مبینہ دھاندلی پر آواز اٹھائے۔
اڈیالہ جیل میں عمران خان کے ساتھ ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بیرسٹر سیف علی خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے امریکہ کے حوالے سے خاص پیغام دیا ہے۔
ان کےبقول، "عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کے انتخابات میں ہونے والی دھاندلی، بدانتظامی اور پی ٹی آئی کو مختلف حربوں سے الیکشن میں حصہ لینے سے روکنے کے لیے مذمت اور اس کے خلاف آواز اٹھانا امریکہ کا فرض بنتا ہے جو اس نے ادا نہیں کیا۔ "
بیرسٹر سیف کے الزام عائد کیا کہ امریکہ نے ہمیشہ آمروں اور کرپٹ حکمرانوں کا ساتھ دیا ہے۔ اس لیے امریکہ کے پاس موقع ہے کہ وہ اپنے ماضی کے کردار کو شفاف اور قابلِ اعتبار بنانے کے لیے پاکستان کے الیکشن میں ہونے والی دھاندلیوں پر نظر رکھے اور جو بھی لوگ اس میں ملوث ہیں انہیں اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے سدباب کرنے کے لیے کہے۔
انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا کیس: علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری جاری
- By شمیم شاہد
پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے رہنما اور نامزد وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
علی امین گنڈا پور کے خلاف کشمیر کے انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا کیس ہے۔ پی ٹی آئی رہنما کے خلاف وکیل راجا ذوالقرنین کی جانب سے 2021 کے الیکشن کے دوران درخواست دائر کی گئی تھی۔
ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان کو علی امین گنڈا پور کی گرفتاری کا مراسلہ جاری کردیا گیا ہے جس میں علی امین کو 28 فروری کو الیکشن کمیشن کشمیر کے روبرو پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
انتخابی عمل پاکستان کا اندرونی خود مختاری کا معاملہ ہے، دفترِ خارجہ
پاکستان کے دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ انتخابی عمل پاکستان کا اندرونی خود مختاری کا معاملہ ہے اور انتخابات کے حوالے سے مبصرین کی جانب سے سامنے آ نے والے بیانات حقیقت پر مبنی نہیں ہیں۔
ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے آٹھ فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے بارے میں عالمی سطح پر سامنے آنے والے ردعمل کے بارے میں کہا کہ کروڑں پاکستانی ووٹروں نے عام انتخابات میں اپنے دوٹ کا حق استعمال کیا تاہم مبصرین کی جانب سے جو بیانات سامنے آئے ہیں ان میں بہت سے بیانات حقیقت پر مبنی نہیں ہیں۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کا یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکہ نے ایک بار پھر کہا ہے کہ آٹھ فروری کے انتخابات میں دھاندلی اور بے ضابطگیوں کے الزامات کی تحقیقات ہونی چاہیے،
امریکی محکمۂ خارجہ کے ترجمان میتھو ملر نے بدھ کو معمول کی بریفنگ کے دوران کہا تھا کہ "ہم نہ صرف پاکستان میں بلکہ دنیا بھر میں انتخابی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں ۔"
امریکہ کے علاوہ یورپی یونین اور اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنطیموں بشمول ہیومن رائٹس واچ کی طرف سے بھی پاکستانی انتخابات میں ہونے والی مبینہ بے ضابطگیوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔
دوسری جانب پاکستانی حکام اور الیکشن کمیشن نے بارہا یہ کہا ہے کہ پاکستان میں انتخابی عمل شفاف انداز میں منعقد ہوا ہے۔
قبل ازیں امریکہ اور یورپی یونین سمیت بعض عالمی رہنماؤں نے پاکستان میں پولنگ کے روز انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس معطل ہونے پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔ حکومتِ پاکستان کا مؤقف تھا کہ انٹرنیٹ کی بندش دہشت گردی سے بچنے کے لیے تھی۔
کارکن پرامن احتجاج کی تیاری کریں: حماد اظہر
پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے صدر حماد اظہر نے کارکنوں اور انتخابی امیدواروں کو پرامن احتجاج کی تیاری کی ہدایت کردی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تمام امیدوار اور کارکنان ہنگامی بنیادوں پر تیاری شروع کریں۔
حماد اظہر کے مطابق احتجاج کے دن اور مقام کا کسی بھی وقت شارٹ نوٹس پر اعلان ہو گا۔