عون چوہدری کی کامیابی کا نوٹی فکیشن واپس
الیکشن کمیشن نے استحکامِ پاکستان پارٹی کے رہنما عون چوہدری کی انتخابی میں کامیابی کا نوٹی فکیشن واپس لے لیا ہے۔
وائس آف امریکہ کے نمائندے عاصم علی رانا کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار سلمان اکرم راجا کی درخواست پر سماعت کی۔
اس دوران الیکشن کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل لاء نے عدالت کو بتایا کہ این اے 128 لاہور سے متعلق 12 فروری کو جاری کیا گیا عون چوہدری کی کامیابی کا نوٹی فکیشن واپس لے رہے ہیں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ سلمان اکرم راجہ کی درخواست الیکشن کمیشن کے پاس زیرِ التوا ہے، لہٰذا آپ وہاں جائیں۔ عدالت نے سلمان اکرم راجہ کے وکیل کو کیس الیکشن کمیشن کے سامنے رکھنے کی ہدایت کردی۔
میاں اسلم اقبال پنجاب میں ہمارے وزیرِ اعلٰی کے اُمیدوار ہوں گے: بیرسٹر گوہر
پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ میاں اسلم اقبال پنجاب میں وزارتِ اعلٰی کے اُمیدوار ہوں گے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ تحریکِ انصاف انتخابات میں دھاندلی کے خلاف ہفتے کو پرامن احتجاج کرے گی۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ اڈیالہ جیل میں عمران خان کے ساتھ وفاق اور خیبرپختونخوا میں حکومت سازی پر بات ہوئی ہے۔
'اسٹیبلشمنٹ کے پاس مولانا کو راضی کرنے کے لیے کئی ترپ کے پتے ہیں'
گزشتہ دو برس سے مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی اور دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف تحریک چلانے والے مولانا کیا ایک بار پھر مزاحمتی سیاست کی طرف جا رہے ہیں؟
کیا مولانا کا ووٹر باہر نہیں نکلا؟ کیا مولانا فضل الرحمٰن مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی سے دُور ہو رہے ہیں؟ کیا مولانا پی ٹی آئی کے ساتھ رابطے بحال کرنا چاہتے ہیں؟
یہ وہ سوالات ہیں جو عوامی اور سیاسی حلقوں میں موضوعِ بحث بنے ہوئے ہیں۔
عمران خان کا امریکہ کے نام پیغام، ’یہ ایبسلوٹلی ناٹ سے کھلی مداخلت کا سفر ہے‘
پاکستان تحریکِ اںصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے یہ مطالبہ سامنے آیا ہے کہ امریکہ انتخابات میں ہونے والی دھاندلی پر آواز اٹھائے۔
پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے ترجمان بیرسٹر سیف نے بتایا کہ عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کے انتخابات میں ہونے والی دھاندلی، بدانتظامی اور پی ٹی آئی کو مختلف حربوں سے الیکشن میں حصہ لینے سے روکنے کے لیے مذمت اور اس کے خلاف آواز اٹھانا امریکہ کا فرض بنتا ہے جو اس نے ادا نہیں کیا۔
بیرسٹر سیف نے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اسد قیصر کے ساتھ اڈیالہ جیل میں عمران خان کے ساتھ ملاقات کے بعد امریکہ کے لیے پیغام کا یہ بیان دیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکہ نے پاکستان کے انتخابات میں دھاندلی کی مذمت کی ہے۔ تاہم ان بیانات میں مزید وزن پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔
عمران خان اپریل 2022 میں تحریکِ عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد اپنی حکومت کے خاتمے کے لیے امریکہ کو ذمے دار قرار دیتے آئے ہیں۔