پاکستان میں مبینہ انتخابی بے ضابطگیوں کےخلاف احتجاجی ریلیوں سے آگاہ ہیں، امریکی محکمہ خارجہ
امریکہ نے پاکستان میں انتخابی عمل میں شامل تمام سٹیک ہولڈرز پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور اظہار رائے کی آزادی اور پرامن احتجاج کے حق کا احترام کیا جائے۔ وائس آف امریکہ کی طرف سے پوچھے گئے سوالات کے تحریری جواب میں محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ انتخابی ریلیوں میں بے ضابطگیوں کےخلاف مختلف سیاسی جماعتوں کی ریلیوں سے آگاہ ہیں۔
محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر کا کہنا ہے کہ'مداخلت یا دھوکہ دہی کے دعوؤں کی پاکستان کے قانونی نظام کے تحت مکمل اور شفاف طریقے سے تفتیش کی جانی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم تمام متعلقہ افراد سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور اظہار رائے کی آزادی، پرامن اجتماع اور انجمن سازی کا احترام کرنے کی اپیل کرتے ہیں، یہ سب جمہوریت کی بنیاد ہیں۔
انتخابات میں مبینہ دھاندلی، جماعتِ اسلامی کا اسلام آباد میں احتجاج
آٹھ فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف جماعتِ اسلامی پاکستان نے بھی احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔
اسلام آباد میں ہونے والے احتجاج میں نائب امیر جماعتِ اسلامی لیاقت بلوچ نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پہلے بھی انتخاب ہوئے۔ اس بار کا الیکشن سب سے زیادہ دھاندلی زدہ اور انجینئرڈ ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ یہ الیکشن ملک کے مسائل حل نہیں کر سکتے۔ انتخابات کا نتیجہ نوشتہ دیوار ہے۔
سندھ: انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف جی ڈی اے کا احتجاج
ہو سکتا ہے کہ ملک میں ایمرجینسی یا مارشل لا لگ جائے: پیر پگارا
گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس ( جی ڈی اے) اور مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر صبغت اللہ شاہ راشدی (پیر پگارا) کہتے ہیں کہ ہو سکتا ہے کہ ملک میں ایمرجینسی یا مارشل لا لگ جائے۔
سندھ کے شہر جامشورو میں جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ انتخابات کے نتائج کا دو ماہ قبل سے پتا تھا، الیکشن میں پیسہ چلایا گیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ انتخابات نے ثابت کر دیا کہ سب صوبائی لیڈر ہیں، قومی سطح کا کوئی لیڈر نہیں ہے۔ جو کچھڑی پک گئی ہے، یہ چھ یا آٹھ ماہ سے زیادہ نہیں چلے گی۔
پیر پگارا کا کہنا تھا کہ فوج نے سب کو آزما لیا ہے، اب آزمانے کے لیے کیا کوئی بچا ہے؟