ہرنائی کان حادثہ: ریسکیو آپریشن مکمل ، 12 لاشیں نکال لی گئیں
بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں کوئلے کی کان بیٹھنے کے واقعے کے بعد شروع ہونے والا ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے۔
حکام نے کان سے 12 کان کنوں کی لاشیں جب کہ چھ افراد کو زخمی حالت میں نکال لیا ہے۔
لیویز حکام کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ریسکیو آپریشن میں لیویز، ضلعی انتظامیہ اور دیگر اداروں نے حصہ لیا۔ کان میں مجموعی طور پر 18 کان کن پھنس گئے تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ کان کا مکمل جائزہ لینے کے بعد سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن مکمل کیا گیا۔
نو مئی مقدمے کے پانچ ملزمان کی ضمانت: 'دہشت گردوں کو پکڑتے نہیں ریلی نکالنے والوں کے پیچھے پڑے ہیں'
سپریم کورٹ آف پاکستان نے نو مئی کے مقدمات میں ملوث پانچ ملزمان کی درخواست ضمانت منظور کر لی ہے۔ دورانِ سماعت جسٹس جمال مندوخیل نے تفتیشی افسر کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ اصل دہشت گردوں کو پکڑتے نہیں ریلی والوں کے پیچھے لگے ہوئے ہیں۔
جسٹس جمال مندوخیل کی سربراہی میں تین رُکنی بینچ نے نو مئی کے واقعات میں ملوث ملزمان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ بینچ میں جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس حسن اظہر رضوی بھی شامل تھے۔
دورانِ سماعت جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ کیا ریلی نکالنا یا سیاسی جماعت کا کارکن ہونا جرم ہے؟ کیا ایک ہیڈ کانسٹیبل کے بیان پر سابق وزیرِ اعظم کو غدار مان لیں؟
جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا کہ مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات کیوں لگائی گئی ہیں؟ وکیل پنجاب حکومت نے جواب دیا کہ ملزمان نے آئی ایس آئی کیمپ پر حملہ کیا۔
جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کہ ایف آئی آر میں تو آئی ایس آئی کے آفس پر حملے کا لکھا ہی نہیں ہے۔
جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ آپ کو پھر علم ہی نہیں کہ دہشت گردی ہوتی کیا ہے؟ دہشت گردی سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور اور کوئٹہ کچہری میں ہوئی تھی۔ ریلیاں نکالنا کہاں سے دہشت گردی ہو گئی؟ اصل دہشت گردوں کو پکڑتے نہیں ریلی والوں کے پیچھے لگے ہوئے ہیں۔
جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیے کہ کیا بم دھماکے کرنے والوں کی سازش کبھی پکڑی گئی ہے؟ اصل دہشت گردوں کی سازش پکڑیں تو کوئی شہید نہ ہو۔
سپریم کورٹ نے نو مئی کے مقدمے میں پانچ ملزمان اویس، سیف اللہ، نصراللہ، کامران اور وقاص کی 50، 50 ہزار کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرلی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ: ڈپٹی کمشنر اور دیگر کی سزا معطل
اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن، ایس ایس پی آپریشنز جمیل ظفر اور ایس ایچ او ناصر منظور کی سزا معطل کردی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل دو رکنی بینچ نے توہینِ عدالت کیس میں سزا کے خلاف اپیل پر سماعت کی۔
عدالت نے ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن، ایس ایس پی آپریشنز جمیل ظفر اور ایس ایچ او ناصر منظور کو توہین عدالت کیس میں جسٹس بابر ستار کی طرف سے دی جانے والی سزا معطل کردی۔
واضح رہے کہ تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہریار آفریدی کی گرفتاری کے معاملے پر جسٹس بابر ستار نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، ایس ایس پی آپریشن اور تھانہ مارگلہ کے ایس ایچ او کو توہینِ عدالت کا مرتکب قرار دیتے ہوئے قید و جرمانے کی سزا سنائی تھی۔
وزارتِ قانون نے مظاہر نقوی کی برطرفی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا
وزارتِ قانون نے مظاہر نقوی کی بطور سپریم کورٹ جج برطرفی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
مظاہر علی اکبر نقوی کو سپریم جوڈیشل کونسل کی رائے کے نتیجے میں برطرف کیا گیا۔ سپریم جوڈیشل کونسل نے مظاہر نقوی کو مس کنڈکٹ کا مرتکب قرار دیا تھا۔
وزارتِ قانون کے نوٹیفکیشن کے مطابق مظاہر نقوی کی برطرفی 10 جنوری 2024 سے ہوگی۔