|
آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے سابق لیجنڈری کپتان رکی پونٹنگ نے کہا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی آئی) نے ٹیم کی کوچنگ کے لیے ان سے رابطہ کیا ہے۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ راہل ڈریوڈ کی مدتِ ملازمت مکمل ہونے کے بعد اب بی سی سی آئی کو کوچ کی تلاش ہے۔ اس عہدے کے لیے موزوں امیدواروں سے 27 مئی تک درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔
بھارتی ٹیم کی کوچنگ کے لیے کئی نام سوشل میڈیا پر گردش کر رہے ہیں اور ان میں ایک نام رکی پونٹنگ کا بھی ہے۔
سابق آسٹریلوی کپتان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ریویو میں بات کرتے ہوئے کہا کہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے دوران ان سے بھارتی ٹیم کی کوچنگ کے لیے رابطہ کیا گیا اور انہوں نے اس ضمن میں کئی رپورٹس بھی دیکھیں ہیں۔
رکی پونٹنگ آئی پی ایل کی ٹیم دہلی کیپٹلز کے ہیڈ کوچ ہیں اور ان کی ٹیم ایونٹ سے باہر ہو چکی ہے۔
پونٹنگ آئی پی ایل کے مسلسل ساتویں ایڈیشن میں دہلی کی کوچنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔ وہ آسٹریلیا کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے بطور عبوری کوچ بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
پونٹنگ نے کہا کہ وہ نیشنل ٹیم کے سینئر کوچ کا عہدہ پسند کرتے ہیں لیکن اگر آپ بھارتی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کا انتخاب کریں تو اس کے لیے آئی پی ایل کو چھوڑنا پڑے گا۔
پونٹنگ نے کہا کہ نیشنل ٹیم کی کوچنگ سال میں 10 یا 11 ماہ کی جاب ہے اور اس وقت ان کے لائف اسٹائل سے یہ ملازمت بالکل بھی نہیں جڑتی۔
بھارتی ٹیم کی کوچنگ کے لیے رکی پونٹنگ کی طرح کئی سابق کھلاڑیوں کے نام سامنے آئے ہیں جن میں جسٹن لینگر اور اسٹیفن فلیمنگ نمایاں ہیں۔ یہ دونوں سابق کرکٹر آئی پی ایل میں کوچنگ کر رہے ہیں۔
پونٹنگ نے کہا کہ بھارتی ٹیم کی کوچنگ کے لیے جسٹن لینگر کا نام بدھ کو سامنے آیا تھا جب کہ اسٹیفن فلیمنگ اور گوتم گمبھیر کا نام بھی گردش میں ہے۔
پونٹنگ نے بتایا کہ جب انہوں نے اپنے بیٹے کو بھارتی ٹیم کی کوچنگ کی آفر سے متعلق بتایا تو بیٹے کا یہی کہنا تھا "یہ ذمے داری فوراً لے لیں اور ہم کچھ سالوں کے لیے بھارت منتقل ہو جائیں گے۔"
انہوں نے کہا کہ بھارت کرکٹ سے پیار کرنے والوں کا ملک ہے جہاں اس کھیل کا رجحان بھی بہت ہے لیکن شاید اس وقت بھارتی ٹیم کی کوچنگ ان کے طرز زندگی کے مطابق سوٹ نہیں کرتی۔
فورم