|
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام نے ایپ میں ایک اور نئے فیچر کا اضافہ کردیا ہے اور اب صارفین ایک سنگل پوسٹ میں 20 تک تصاویر اور ویڈیوز شامل کر سکتے ہیں۔
کمپنی کی جانب سے جمعرات کی شب اعلان کیا گیا کہ ایک سنگل پوسٹ میں تصاویر اور ویڈیوز کی تعداد کو بڑھایا جا رہا ہے۔
صارفین اب ایک 'کیروسل' میں 20 تصاویر یا ویڈیوز پوسٹ کر سکتے ہیں۔ اس سے قبل ایک کیروسل پوسٹ میں تصاویر یا ویڈیوز کی تعداد 10 تک تھی۔
انسٹاگرام نے سال 2017 میں پہلی مرتبہ صارفین کے لیے کیروسل کا فیچر متعارف کرایا تھا۔
میٹا کی زیرِ ملکیت انسٹاگرام کے کیروسل فیچر میں یہ تبدیلی ایسے موقع پر کی گئی ہے جب اسے اپنے حریف پلیٹ فارم ٹک ٹاک سے سخت مقابلے کا سامنا ہے۔ ٹک ٹاک پر صارفین ایک پوسٹ میں 35 تصاویر تک شیئر کر سکتے ہیں۔
مختصر ویڈیو شیئرنگ سے شروع ہونے والا پلیٹ فارم ٹک ٹاک اگرچہ اب کافی تبدیل ہو چکا ہے اور وہاں پر تصاویر بھی پوسٹ کی جا سکتی ہیں جو تیزی سے وائرل بھی ہو جاتی ہیں۔ اسی طرح ٹک ٹاک پر میمز اور ٹرینڈز میں کلپس کے بجائے تصاویر کا استعمال زیادہ کیا جاتا ہے۔
انسٹاگرام کا یہ نیا فیچر آج سے ہی دنیا بھر کے صارفین کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔
فورم