رسائی کے لنکس

امریکہ کا شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے میں کوئی کردار نہیں: وائٹ ہاؤس


  • بنگلہ دیش میں پیدا ہونے والی صورتِ حال میں کسی بھی سطح پر ملوث نہیں ہیں: امریکہ
  • حکومت کے مستقبل کا فیصلہ بنگلہ دیش کے عوام کو ہی کرنا چاہیے: ترجمان وائٹ ہاؤس
  • ایک خبر میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ شیخ حسینہ سمجھتی ہیں کہ ان کی حکومت کے خاتمے کے پیچھے امریکہ کا ہاتھ ہے۔
  • شیخ حسینہ اس وقت بھارت میں کسی محفوظ مقام پر ٹھہری ہوئی ہیں اور اب تک وہ کیمروں کے سامنے نہیں آئی ہیں۔

ویب ڈیسک—امریکہ نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کی مستعفی وزیرِ اعظم شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے میں اس کا کوئی کردار نہیں ہے۔ اس ضمن میں سامنے آنے والی اطلاعات سراسر جھوٹ پر مبنی ہیں۔

وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرن جین پیئر نے پیر کو پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ امریکہ بنگلہ دیش میں پیدا ہونے والی صورتِ حال میں کسی بھی سطح پر ملوث نہیں ہے۔

ترجمان نے کہا کہ یہ خبریں یا افواہیں کہ امریکی حکومت شیخ حسینہ کی حکومت گرانے میں ملوث ہے تو وہ سراسر بے بنیاد ہیں۔

بھارتی اخبار 'اکنامکس ٹائمز' نے اتوار کو اپنی رپورٹ میں شیخ حسینہ کا حوالہ دیتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ ان کی حکومت گرانے میں امریکہ ملوث ہے کیوں کہ امریکہ خلیج بنگال میں بنگلہ دیش کے جزیرے سینٹ مارٹن کا کنٹرول چاہتا تھا۔

اخبار نے رپورٹ کیا تھا کہ شیخ حسینہ نے یہ بات اپنے ایک قریبی ساتھی کے ذریعے بتائی ہے۔

دوسری جانب امریکہ میں مقیم شیخ حسینہ کے بیٹے سجیب واجد نے اتوار کو ہی سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر ایک بیان میں کہا کہ ان کی والدہ نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا۔

وائٹ ہاؤس کی ترجمان نے کہا کہ "ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ بنگلہ دیش کی حکومت کے مستقبل کا فیصلہ بنگلہ دیش کے عوام کو ہی کرنا چاہیے اور ہم اس مؤقف پر کھڑے ہیں۔"

شیخ حسینہ بنگلہ دیش میں کوٹہ سسٹم کے خلاف ہونے والے پرتشدد احتجاج کے بعد پانچ اگست کو عہدے سے استعفیٰ دے کر پڑوسی ملک بھارت منتقل ہو گئی تھیں۔

اس وقت بنگلہ دیش میں نوبیل انعام یافتہ ڈاکٹر محمد یونس کی سربراہی میں عبوری حکومت قائم ہے جس کی ذمے داری انتخابات کروانا ہے۔

شیخ حسینہ نے رواں برس جنوری میں ہونے والے انتخابات میں مسلسل چوتھی مرتبہ کامیابی حاصل کی تھی البتہ حزبِ اختلاف نے الیکشن کا بائیکاٹ کیا تھا جب کہ امریکہ نے انتخابات کی شفافیت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ یہ انتخابات آزادانہ اور منصفانہ نہیں ہیں۔

معزول بنگلہ دیشی وزیرِ اعظم اس وقت بھارت میں کسی محفوظ مقام پر موجود ہیں اور وہ اب تک میڈیا کے سامنے نہیں آئی ہیں۔

شیخ حسینہ کے بیٹے نے دعویٰ کیا ہے کہ بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کی جانب سے انتخابات کے اعلان کے بعد وہ وطن واپس لوٹ جائیں گی۔

اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے لی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG