رسائی کے لنکس

امریکہ:مصر کے لیے 1.3 ارب ڈالرکی فوجی امدادکی منظوری، انسانی حقوق کی شرائط سے استثنیٰ


 مصر اور غزہ کی پٹی کے درمیان سرحد پر ایک مصری فوجی پہرہ دے رہا ہے ۔ فائل فوٹو
مصر اور غزہ کی پٹی کے درمیان سرحد پر ایک مصری فوجی پہرہ دے رہا ہے ۔ فائل فوٹو
  • امریکہ نے مصر کے لیے ایک اعشاریہ تین ارب ڈالر کی فوجی مالی امداد کی منظوری دے دی۔
  • انسانی حقوق کی شرائط منسوخ کر دی گئیں ۔
  • بائیڈن انتظامیہ نے اپنے دور اقتدار میں ایسا اقدام پہلی بار اٹھایا ہے ۔
  • یہ فیصلہ علاقائی امن کے فروغ اور مصر کی جانب سے امریکہ کی قومی سلامتی کی ترجیحات میں مدد کی کوششوں کے حوالے سے اہم ہے۔ محکمہ خارجہ
  • مصرگزشتہ ستمبر سے لگ بھگ 970 قیدیوں کو رہاکر چکا ہے اور اسی عرصے میں کم از کم 2278 مصریوں کو عارضی طور پر گرفتار کیا گیا تھا۔مڈل ایسٹ ڈیمو کریسی سنٹر ۔
  • واشنگٹن مصری حکومت کے ساتھ انسانی حقوق میں ٹھوس پیش رفت کی اہمیت پر تفصیلی مذاکرات جاری رکھے ہوئے ہے: محکمہ خارجہ ۔

بائیڈن انتظامیہ اپنے اتحادی مصر میں انسانی حقوق پر جاری خدشات کے باوجود اس کی مکمل طور پر مختص فوجی امداد کی منظوری دیتے ہوئے فوجی امداد سے منسلک انسانی حقوق کی شرائط کو منسوخ کررہی ہے۔ بائیڈن انتظامیہ نے اپنے دور اقتدار میں ایسا اقدام پہلی بار اٹھایا ہے ۔

یہ اعلان ایک ایسے وقت ہوا ہے جب واشنگٹن غزہ جنگ کے خاتمے کےلیے اسرائیل اور حماس کے درمیان اب تک ناکام رہنے والےمذاکرات میں ثالثی کے لیے اپنے ایک پرانے اتحادی قاہرہ پر بہت زیادہ انحصار کر چکا ہے ۔

مصر کے لیے مختص ایک ارب تیس کروڑ ڈالر کی غیر ملکی فوجی مالی امداد میں سے 32 کروڑ ڈالر مشروط ہیں جس کا مطلب ہے کہ ا س رقم میں سے کم از کم کچھ کو حالیہ برسوں میں روکا گیا ہے۔

ترجمان نے ای میل کے ذریعے بتایا کہ امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن نے بدھ کو امریکہ کے قومی سلامتی کے مفاد کا حوالہ دیتے ہوئے کانگریس کو بتایا کہ امریکہ اس سال مصر کو انسانی حقوق کے ریکارڈ سے منسلک 225 ملین ڈالر کی سرٹیفکیشن کی شرط سے مستثنیٰ کر دے گا۔

ترجمان نے کہا کہ ،یہ فیصلہ علاقائی امن کے فروغ اور مصر کی جانب سے امریکہ کی قومی سلامتی کی ترجیحات ،خاص طور پر غزہ کےلیے جنگ بندی کا کوئی معاہدہ طے کرانے ، یرغمالوں کی گھر واپسی ، ضرورت مند فلسطینیوں کے لیے انسانی ہمدردی کی امداد بڑھانےاور اسرائیل ۔حماس تنازعے کے ایک پائدار خاتمے میں مدد کے لیےا س کی مخصوص اور مسلسل جاری کوششوں کی وجہ سے اہم ہے۔

انسانی ہمدردی کی امداد سے بھرے ٹرک مصر کے ٹرمینل بارڈر سے گزرکر جنوبی غزہ کی پٹے میں رفح کے علاقے میں داخل ہورہے ہیں ، فوٹو 17 جنوری 2024
انسانی ہمدردی کی امداد سے بھرے ٹرک مصر کے ٹرمینل بارڈر سے گزرکر جنوبی غزہ کی پٹے میں رفح کے علاقے میں داخل ہورہے ہیں ، فوٹو 17 جنوری 2024

مشرق وسطیٰ کے لیے سینیٹ کی خارجہ تعلقات کی کمیٹی کے سر براہ ڈیمو کریٹ کرس مرفی نے کہا ہے کہ واشنگٹن نے ماضی میں انسانی حقوق کی بنیاد پر مصر کی فوجی امداد روک دی تھی جبکہ اس کے ساتھ اپنے اسٹریٹیجک تعلقات کو برقرار رکھا تھا۔

مرفی نے کہا کہ یہ کوئی راز کی بات نہیں ہے کہ مصر بدستور ایک انتہائی استبدادی مطلق العنان ملک ہے ، اور مجھے ان شرائط سے استثنیٰ دے کر اس حقیقت کو نظر انداز کرنے کی کوئی معقول وجہ نہیں دکھائی دیتی ۔

صدر عبد لفتاح السیسی کی حکومت کے تحت اذیت رسانی اور جبری گمشدگی سمیت بڑے پیمانے پر زیادتیوں کے الزامات کے باجود، مصر واشنگٹن کا ایک قریبی علاقائی اتحادی رہا ہے ۔

سیسی اس بات سے انکار کرتے ہیں کہ مصر میں کوئی سیاسی قیدی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کے ملک میں استحکام اور سیکیورٹی سب سے زیادہ اہم ہے اور حکام مروزگار اور رہائش جیسی بنیادی ضروریات کی فراہمی کی کوشش کرتے ہوئے انسانی حقوق کو فروغ دے رہے ہیں۔

سا ت اکتوبر کو جنوبی اسرائیل پر حماس کے عسکریت پسندوں کے حملے سے شروع ہونے والی غزہ جنگ نے واشنگٹن کا جنگ بندی مذاکرات میں سفارتی کوششوں کے لیے قاہرہ پر انحصار بڑھا دیا ہے ۔

غزہ کے فلسطینیوں کے لیے انسانی ہمدردی کی انتہائی ضروری امداد بھی مصر سے ہی داخل ہوتی ہے ۔

مصری ٹرک انسانی ہمدردی کی امدا د لے کر مصری جانب سے رفح کی سرحدی گزر گاہ کے قریب غزہ کی پٹی میں داخل ہونے کا انتظار کر رہے ہیں ، فوٹو اے ایف پی ، 26 مئی 2024
مصری ٹرک انسانی ہمدردی کی امدا د لے کر مصری جانب سے رفح کی سرحدی گزر گاہ کے قریب غزہ کی پٹی میں داخل ہونے کا انتظار کر رہے ہیں ، فوٹو اے ایف پی ، 26 مئی 2024

بلنکن نے گزشتہ سال انسانی حقوق پر ایسا ہی استثنیٰ جاری کیا تھا لیکن مصر کی جانب سے سیاسی قیدیوں کی رہائی میں واضح اور مستقل پیش رفت دکھانے میں ناکامی کی وجہ سے اس کےلیے مختص فوجی امداد کا کچھ حصہ روک لیا تھا۔

ترجمان نے کہا کہ اس سال بلنکن نے مصر کی جانب سے سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لیے کی جانے والی کافی کوششوں کے پیش نظر اس کے لیے مسئلے پر پیش رفت سے منسلک 95 ملین ڈالر جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

انہوں نے مصر کی جانب سے وسیع تر پینل کوڈ، کچھ سیاسی قیدیوں کی رہائی اور غیر سرکاری اداروں پر سفری پابندی اور ان کےلئے غیر ملکی فنڈنگ سے منسلک اثاثوں پر انجماد کی پابندی کے خاتمے کے اقدا م کا حوالہ دیا۔

واشنگٹن میں قائم مڈل ایسٹ ڈیمو کریسی سنٹر کے ڈائریکٹر آف ایڈووکیسی نے کہا ہے کہ سنٹر اورانسانی حقوق کی مصری تنظیموں کے جمع کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ستمبر لگ بھگ 970 قیدیوں کو رہا کیا گیا ہے ، اور اسی عرصے میں کم از کم 2278 مصریوں کو عارضی طور پر گرفتار کیا گیا۔

امریکی محکمہ خارجہ کےترجمان نے کہا ہے کہ واشنگٹن مصری حکومت کے ساتھ انسانی حقوق میں ٹھوس پیش رفت کی اہمیت پر تفصیلی مذاکرات جاری رکھے ہوئے ہے جو امریکہ اور مصر کی شراکت داری برقرار رکھنے کے لیے انتہائی اہم ہے۔

اس رپورٹ کا مواد رائٹرز سے لیا گیا ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG