پی ٹی آئی کا احتجاج، اسلام آباد و راولپنڈی کے راستے بند
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں احتجاج کے پیشِ نظر اسلام آباد اور راولپنڈی کے بیشتر علاقوں کو کنٹینر لگا کر سیل کر دیا گیا ہے۔
تحریک انصاف نے جمعے کو اسلام آباد کے ڈی چوک پر احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے اور اس احتجاج میں شرکت کے لیے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور قافلے کی صورت میں اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہیں۔
اسلام آباد بالخصوص ریڈ زون کو کنٹینرز لگا کر مکمل سیل گیا ہے جب کہ شہر کے داخلی راستوں کو بھی بند کیا گیا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔
پی ٹی آئی کا احتجاج: موبائل سروس معطل، ڈبل سواری پر پابندی عائد
تحریکِ انصاف کے احتجاج کے پیشِ نظر اسلام آباد اور راولپنڈی میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس جزوی طور پر بند ہیں۔
احتجاج کے باعث شہر کی سڑکوں کو کنٹینر لگا کر بند کیا گیا ہے جب کہ مختلف کاروباری مراکز بھی بند ہیں۔
شہر میں امن و امان کی صورتِ حال کو برقرار رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے اسلام آباد میں دو روز کے لیے ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے۔
اسلام آباد پر دھاوا بولنے کی اجازت نہیں دے سکتے: وزیرِ داخلہ محسن نقوی
پاکستان کے وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد پر دھاوا بولا جا رہا ہے۔ اگر وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور اور ان کے ساتھ آنے والے لوگ اگر اجازت لے کر آتے تو جو پروٹوکول بنتا ہے وہ دیتے۔ لیکن ایسے اسلام آباد پر دھاوا بولنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو لوگ احتجاج کا سوچ رہے ہیں وہ اس پر غور کریں۔ اسلام آباد پولیس غیر مسلح ہے۔ لیکن جو لوگ احتجاج کے لیے آ رہے ہیں ان کے پاس اسلحہ موجود ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا پہلے پاکستانی ہیں اس کے بعد وہ کسی سیاسی جماعت سے تعلق رکھتے ہیں۔ انہیں سوچنا چاہیے کہ وہ کیا کر رہے ہیں۔ توقع ہے کہ بطورِ پاکستانی پہلے سوچیں گے۔
وزیرِ داخلہ کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا نے احتجاج کرنا ہے تو ان کے پاس پورا صوبہ ہے وہاں احتجاج کر لیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ بیرونِ ملک سے ہمارے مہمان آئے ہوئے ہیں جن کی سیکیورٹی یقینی بنانی ہے اور اس سلسلے میں ہمیں اضافی اقدامات کرنے پڑے ہیں۔
اسلام آباد کنٹینر سے سیل
پاکستان تحریکِ انصاف کےدارالحکومت اسلام آباد میں احتجاج کے پیشِ نظر ریڈ زون کو کنٹینرز لگا کر سیل کر دیا گیا ہے۔