رسائی کے لنکس

آواران میں انسداد پولیو مہم کے سربراہ فائرنگ سے ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ڈاکٹر شفیع وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالمالک بلوچ کے پولیٹکل سیکرٹری خیر جان بلوچ کے بڑے بھائی تھے۔

پاکستان کے جنوب مغربی صوبہ بلوچستان میں تشدد کے دو مختلف واقعات میں انسداد پولیو مہم کے ایک مقامی عہدیدار اور ایک سکیورٹی اہلکار ہلاک جب کہ دو زخمی ہو گئے ہیں۔

قلات ڈویژن کے کمشنر محمد اکبر حریفال کے مطابق ضلع آواران میں انسداد پولیو مہم کے سربراہ ڈاکٹر شفیع بزنجو مہم ختم ہونے کے بعد اپنے ایک رشتہ دار کے ہمراہ گھر جا رہے تھے کہ سستگان کے علاقے میں نام معلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑی کو روکا اور انھیں زبردستی اپنے ساتھ لے جانے کی کوشش کی۔

اس دوران ہونے والی مزاحمت میں مسلح افراد نے ڈاکٹر شفیع پر فائرنگ کر دی جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔

حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے جن کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

ڈاکٹر شفیع وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالمالک بلوچ کے پولیٹکل سیکرٹری خیر جان بلوچ کے بڑے بھائی تھے۔

ادھر شمالی ضلع پشین کے علاقے سرخاب میں لیویز کی ایک چیک پوسٹ پر مشتبہ دہشت گردوں نے جدید ہتھیاروں سے حملہ کیا اور فائرنگ کے تبادلے میں ایک لیویز اہلکار ہلاک ہو گیا۔

ضلع آواران بلوچستان کے شورش زدہ اضلاع میں سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اور اسی علاقے میں ایک ہفتہ سے عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن بھی جاری ہے جب کہ عسکریت پسندوں کی طرف سے سکیورٹی فورسز کا ایک ہیلی کاپٹر مار گرائے جانے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔

مقامی صحافیوں کے مطابق فرنٹیئر کور کا ایک ہیلی کاپٹر اتوار کو ضلع آوران میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ کوئٹہ میں سکیورٹی ذرائع نے اس واقعے کو فنی خرابی کا نتیجہ قرار دیا جب کہ کالعدم بلوچ عسکری تنظیم بلوچستان لبریشن فرنٹ نے دعویٰ کیا کہ ہیلی کاپٹر کو راکٹ سے نشانہ بنایا گیا۔

سکیورٹی فورسز کے جاری آپریشن میں اب تک 13 مشتبہ عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا بتایا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG