پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا آغاز جمعرات 20 فروری کو ہوگا جب کہ ایونٹ سے ایک روز قبل یعنی بدھ 19 فروری کو پی ایس ایل کی ٹرافی کی تقریب رونمائی نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق تقریب میں جہانگیر خان ٹرافی اپنے ہاتھوں میں تھامے اسٹیڈیم میں داخل ہوں گے۔
وہ یہ ٹرافی دفاعی کپتان سرفراز احمد کے حوالے کریں گے جسے سرفراز چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) احسان مانی کو دیں گے۔ جس کے بعد احسانی مانی تمام فرنچائزز مالکان اور کپتانوں کے ہمراہ ٹرافی کی باقاعدہ رونمائی کریں گے۔
پی ایس ایل 2020 کی ٹرافی برطانوی کمپنی اوٹ ول سلور اسمٹس نے تیار کی ہے۔ ٹرافی کے اوپر نصب ایک چاند اور ستارہ نصب ہے۔
ٹرافی 65 سینٹی میٹر لمبی ہے جب کہ اس کا وزن آٹھ کلو ہے۔ ٹرافی کے گرد مختلف رنگ بھی نمایاں ہیں۔
ٹرافی اب آئندہ تمام ایونٹس کے لیے مستقل رہے گی اور ہر سال ایونٹ جیتنے والی ٹیم کا نام اس پر درج کر دیا جائے گا۔
جہانگر خان کو اسکواش کا بے تاج بادشاہ کہا جاتا ہے۔ 17 سال کی عمر میں پہلی مرتبہ برٹش اوپن ٹائٹل جیتنے والے جہانگیر خان نے مجموعی طور پر 6 مرتبہ عالمی ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔
وہ مسلسل 55 مقابلے جیتنے کا منفرد ریکارڈ بھی اپنے پاس رکھتے ہیں۔
تقریب رونمائی میں شرکت کے حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل سے ملک میں کرکٹ کی اعلیٰ سطح پر سرگرمیاں ہوئی ہیں۔
ان کے بقول ان سرگرمیوں کے ذریعے دنیا کے سامنے پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہوا ہے۔ کھیل کے میدان آباد ہونے سے دنیا کو پاکستان کے پر امن ملک ہونے کا پیغام ملے گا۔
پی ایس ایل 20 فرری سے 22 مارچ تک کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں کھیلا جائے گا۔
ایونٹ کا پہلا میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کراچی میں جبکہ فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا۔
افتتاحی تقریب میں 350 فنکارپرفارم کریں گے :
پاکستان سپر لیگ کی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں جمعرات کو ہونے والی افتتاحی تقریب میں 350 فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ تقریب شام 6 بج کر 45 منٹ پر شروع ہوگی۔
تقریب میں فنکاروں کے ساتھ ساتھ اپنی آواز کا جادو جگانے والے گلوکاروں میں راحت فتح علی خان، ابرار الحق، سجاد علی، صنم ماروی، آئمہ بیگ، ابومحمد، فرید ایاز، علی عظمت، عارف لوہار، عاصم اظہر، ہارون اور سوچ بینڈ شامل ہیں۔