کراچی کے باسی اچھے میوزک کا خوب ذوق رکھتے ہیں اوراس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے ’میوزک لوورز‘ کے لئے 11 نومبر سے سجنے جا رہا ہے ’آئی ایم کراچی میوزک فیسٹیول‘
فیسٹیول‘، ’ لوک ورثہ‘ اور’ آئی ایم کراچی‘ کے تعاون سے آرٹس کونسل کراچی میں ہوگا۔تنظیم کے صدرامین ہاشوانی نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ کراچی بہت سے مسائل کا شکار ہے جسے دورکرنے کے لئے کسی ایک شخص کونہیں بلکہ سب کومل کر کوششیں کرنا ہوں گی۔‘
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ’آئی ایم کراچی میوزک فیسٹیول‘ بھی لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور تبدیلی لانے کی ہی ایک کوشش ہے۔ اس سلسلے میں میڈیا کا کردار بھی بہت اہم ہے۔‘
آرٹس کونسل کے صدراحمد شاہ کاکہنا ہے فیسٹیول کے لئے جگہ آرٹس کونسل نے فراہم کی ہے ۔ ہم آرٹ اورکلچر سے محبت کرنے والوں کو قریب لانا اورانہیں ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا چاہتے ہیں جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کا کھل کر مظاہر ہ کرسکیں۔‘ انہوں نے فوک میوزک کو قومی ورثہ قراردیا۔
لوک ورثہ کی ایگزیکٹوڈائریکٹر ڈاکٹر فوزیہ سعید بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ان کا کہنا تھا’ لوک ورثہ ایک قومی ادارہ ہے جس کا کام ہمارے روایتی کلچر کو فروغ دینا ہے۔ امید ہے جب ’لوک ورثہ‘ کے آرٹسٹ اور’کاریگر‘ فیسٹیول میں اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے تو کراچی میں رہنے والے مختلف ثقافتوں کے لوگ اسے یقینا پسند کریں گے۔‘
گیارہ نومبر کو شروع ہونے والا فیسٹیول پانچ ہفتوں تک جاری رہے گا۔اس کا آغاز آرٹس کونسل میں لوک ورثہ کے فنکاروں کی پرفارمنس سے ہو گا۔ اس کے بعد پاکستان چوک اور پرسکون چوک سمیت مختلف جگہوں پر قوالی کے سیشن ہوں گے۔‘
فیسٹیول کے کیوریٹر اور میوزیشن میکائل حسن کا کہنا ہے’فیسٹیول میں پاکستانی میوزک کی ہر شکل اور ہررنگ نظرآئے گا۔ اس فیسٹیول کامقصد لوگوں کو تفریح فراہم کرنا ہے۔‘