رسائی کے لنکس

محمد عامر بھارت کے خلاف فائنل کے لیے فٹ


محمد عامر کے فٹ ہونے کے بعد ہماری باؤلنگ لائن اور مضبوط ہو گئی ہے۔ گذشتہ میچ میں جب عامر فٹ نہیں تھے تو لوگوں کو فکر تھی کہ ہمارا اہم اسٹرائیک بولر نہیں کھیل رہا لیکن...

پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر بھارت کے خلاف چیمپئنز ٹرافی کا فائنل کھیلنے کے لیے فٹ ہو گئے۔ کوچ مکی آرتھر نے محمد عامر کی فٹنس کی تصدیق کردی ہے۔

محمد عامر کمر کی تکلیف میں مبتلا ہو گئے تھے اور انگلینڈ کے خلاف سیمی فائنل کے ٹاس سے قبل فٹنس ٹیسٹ میں ناکامی کے باعث میچ نہیں کھیل سکے تھے۔

ان کی جگہ لیفٹ آرم فاسٹ بولر رومان رئیس کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا جنہوں نے 44 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

محمد عامر 2016ء میں انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کے بعد سے قریباً مسلسل ٹیم کاحصہ ہیں۔ اس دوران کھیل کے تمام فارمیٹ کے 57 انٹرنیشنل میچز میں سے عامر نے 47 میچوں میں ٹیم کی نمائندگی کی ہے۔

محمد عامر عمدہ بولنگ کے باوجود چیمپئنز ٹرافی کےپہلے دو لیگ میچز میں بھارت اور جنوبی افریقہ کے خلاف کوئی وکٹ نہیں لے سکے تھے۔ تاہم سری لنکا کے خلاف 53 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا اورمشکل صورتحال میں ناقابل شکست 28 رنز بناکر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ اظہر محمود کا کہنا ہے کہ محمد عامر سلیکشن کیلئے دستیاب ہیں،انہوں نے بولنگ کی اور وہ فٹ ہیں۔

بولنگ کوچ کا کہنا ہے کہ جب فائنل کھیل رہے ہوں تو آپ چاہتے ہیں کہ تجربہ کار کھلاڑی مکمل فٹ ہوں اور ٹیم کا حصہ ہوں۔ لیکن ہم نے اس سے کہہ دیا ہے کہ اگر کوئی شک و شبہ ہو تو ہمیں بتا دے۔ فی الحال تو وہ فٹ ہے اور ہم یقیناً عامر کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

اظہر محمود نے بتایا کہ محمد عامر کے فٹ ہونے کے بعد ہماری بولنگ لائن اور مضبوط ہو گئی ہے۔ گزشتہ میچ میں جب عامر فٹ نہیں تھے تو لوگوں کو فکر تھی کہ ہمارا اہم اسٹرائیک بولر نہیں کھیل رہا لیکن جس طرح رومان رئیس نے بولنگ کی، اس سے ظاہر ہوتاہے ہماری بولنگ مضبوط ہے۔

چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پاکستان اور دفاعی چیمپئن بھارت اتوار کوکنگسٹن اوول میں مدمقابل ہوں گے۔ پاکستان پہلی بار ایونٹ کے فائنل میں پہنچا ہے جبکہ بھارت دو مرتبہ ٹرافی اپنے نام کرچکا ہے۔

XS
SM
MD
LG