رسائی کے لنکس

دو فلاپ فلموں کے بعد عامر خان کا اداکاری سے بریک؛ ماضی میں کن بالی وڈ اسٹارز نے ایسا کیا؟


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بالی وڈکے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے حالیہ عرصے میں اپنی چند فلموں کی ناکامی کے بعد 35 سال میں پہلی مرتبہ اداکاری سے بریک لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس بریک کا اعلان عامر خان نے نئی دہلی میں ایک تقریب کے موقع پر کیا جہاں وہ اپنی حالیہ فلم 'لال سنگھ چڈھا' کے فلاپ ہونے کے بعد پہلی مرتبہ میڈیا سے کھل کر بات چیت کررہے تھے۔

انہوں نے اس تقریب میں بتایا کہ 35 سال سے مسلسل اداکاری کرنےکے بعد اب وہ کچھ وقت اپنے بچوں اور والدہ کے ساتھ گزارنے کے خواہش مند ہیں۔

عامر خان کا کہنا تھا کہ جب وہ بطور اداکار کوئی فلم کرتے ہیں تو میں اس میں اتنا کھو جاتے ہیں کہ ان کی زندگی میں اور کچھ نہیں ہوتا۔ ان کے خیال میں ایسا کرنا ان کے گھروالوں اور قریبی رشتہ داروں کے ساتھ مناسب نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ایک سے ڈیڑھ برس تک اداکاری سے دور رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔

عامر خان نے بتایا کہ اس بریک کے دوران اپنی اگلی فلم 'چیمپیئنز ' کی پروڈکشن سے جڑے رہیں گے۔

عامر خان کی سن 2018 میں ریلیزہونے والی فلم 'ٹھگز آف ہندوستان' اور 2022 میں آنے والی 'لال سنگھ چڈھا' باکس آفس پر بری طرح ناکام ہوئیں تھیں۔

عامر خان کے مداح انہیں 'سلام وینکی' میں دیکھ سکیں گے

اداکار عامر خان کے مداح ان کے اداکاری سے بریک لینے کے فیصلے سے افسردہ ہیں وہیں کئی اسے درست بھی قرار دے رہے ہیں۔ مبصرین کے خیال میں ان کے اس فیصلے کے پیچھے بالی وڈ کے بائی کاٹ کا ٹرینڈ بھی ہوسکتا ہے جس نے 'لال سنگھ چڈھا' کی ریلیز سے قبل سوشل میڈیا پر ان کے خلاف آواز اٹھائی تھی۔

فلم ڈسٹری بیوٹر نتیش نوین کے مطابق عامر خان کے بریک لینے سے ہندی فلم انڈسٹری کو دھچکہ لگے گا۔ مگر ہر چیز سے پہلے فیملی آتی ہے، انہیں اکشے کمار کی طرح فلموں سے پہلے فیملی کو رکھنا چاہیے۔

جے وسا واڈا نامی صارف نے کہا کہ عامر خان نے پانچ سال کے بعد ایک فلاپ فلم بنائی اور انہیں لگتا ہے کہ کامیاب کم بیک کےلیے انہیں ڈیڑھ سال لگیں گے۔ مگر میرے خیال میں نہیں 15 سال لگیں گے۔

عامر خان نے بریک پر جاتے وقت اپنے مداحوں کو بتایا کہ وہ انہیں فلم 'سلام وینکی' میں اداکاری کرتے دیکھیں گے۔ جس میں ان کا کردار مختصر لیکن جان دار ہوگا۔

'سلام وینکی' میں عامر خان 'عشق' اور 'فنا' میں ساتھ کام کرنے والی اداکارہ کاجول کے ساتھ نظر آئیں گے۔ فلم کا ٹریلر چند روز قبل ہی ریلیز کیا گیا ہے۔

اس فلم میں عامر خان کے ساتھ راہول بوس، پرکاش راج، راجیو کھنڈیل وال اور آہانا کمرا اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔ 'سلام وینکی' نو دسمبر کو سنیمامیں ریلیز کے لیے پیش کی جائے گی۔

ماضی میں اداکاری سے بریک لینے والے بالی وڈ اسٹارز

عامر خان سے قبل کئی بڑے اداکار و اداکارائیں فلموں سے کنارہ کشی اختیار کرچکی ہیں۔ 70 کی دہائی کی مشہور اداکارہ ممتاز ہوں یا زینت امان، ان کی بریک کی وجہ ان کی ازدواجی زندگی تھی جس کے بعد انہوں نے جب کم بیک کیا تو خاصی کامیاب نہیں ہوئیں۔

تاہم اداکار کے بریک کے پیچھے سب سے بڑی وجہ ان کی مسلسل فلاپ فلمیں تھیں۔ 70 کی دہائی میں اداکار دلیپ کمار کی تین بڑی فلمیں داستان، ساگینہ اور بیراگ فلاپ ہوئیں۔جس کے بعد اداکار دلیپ کمار نے 32 سال کی اداکاری کے بعد پانچ برسوں کے لیے فلموں سے دور چلے گئے۔

جب 1981 میں دلیپ کمار ساتھی اداکار منوج کمار کی ہدایات میں بننے والی فلم 'کرانتی' میں نظر آئے تو اس میں انہوں نے مرکزی کردار تو کیا۔ لیکن یہ کردار نوجوان کے بجائے ایک بڑی عمر کے آدمی کا تھا۔

اس فلم نے باکس آفس پر خوب کامیابی حاصل کی جس کے بعد 80 اور 90 کی دہائی میں دلیپ کمار کو ان کے کیریکٹر رول کی وجہ سے کئی فلمیں ملیں۔

سن 1998 میں 'قلعہ' کے فلاپ ہوجانےکے بعد دلیپ کمار نے فلموں سے مکمل کنارہ کشی اختیار کرلی تھی۔ اس کے برعکس 70 اور 80 کی دہائی میں باکس آفس پر راج کرنے والے امیتابھ بچن نے اپنے کریئر کے دوران متعدد بریک لیے اور ہر بار کم بیک کرنے پر کامیاب رہے۔

امیتابھ بچن نے اپنے فلمی کریئر کا آغاز 1969 میں فلم 'سات ہندوستانی' سے کیا تھا۔ جس کے بعد 1982 تک وہ بلاتعطل فلموں میں کام کرتے رہے۔ اسی سال جولائی کے مہینے میں فلم 'قلی' کے سیٹ پر وہ ساتھی اداکار کا مکا لگنے سے زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد وہ کئی مہینوں تک فلموں سے دور رہے۔

اس چوٹ سے صحت یاب ہونے کے بعد انہوں نے فلموں میں کام تو جاری رکھا لیکن کچھ عرصے تک ان کا ورک لوڈ کم رہا۔90 کی دہائی میں نئے اداکاروں کی آمد کے بعد انہوں نے دوسرا بریک لیا۔ جس کے پیچھے عجوبہ، اندرجیت اور اکیلا جیسی فلموں کی ناکامی تھی۔

نوے کی دہائی کے آخر میں ان کی فلمیں بڑے میاں چھوٹے میاں، لال بادشاہ، سوریا ونشم، ہندوستان کی قسم اور کہرام بری طرح فلاپ ہوئیں جس کے بعد انہوں نے اپنے کریئر کو بریک دے کر سن 2000 میں بطور کیریکٹر ایکٹر فلم محبتیں سے دوبارہ انٹری کی۔ جس نے انہیں ایک مرتبہ پھر کامیاب اداکار بنادیا۔

اور حال ہی میں بالی وڈ کے کنگ خان شاہ رخ خان نے بھی فلموں سے عارضی کنارہ کشی اختیار کی۔ سن 2017 میں جب ہیری میٹ سیجل اور سن 2018 میں زیرو کے باکس آفس پر فلاپ ہوجانے کے بعد شاہ رخ خان نے اداکاری سے بریک لیا۔ بعد ازاں انہوں نے براہماستر: پارٹ ون ، شیوا کے ذریعے کم بیک کیا۔

آئندہ برس ان کی تین فلمیں پٹھان، جوان اور ڈنکی ریلیز ہونے کا امکان ہے۔

  • 16x9 Image

    عمیر علوی

    عمیر علوی 1998 سے شوبز اور اسپورٹس صحافت سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کے نامور انگریزی اخبارات اور جرائد میں فلم، ٹی وی ڈراموں اور کتابوں پر ان کے تبصرے شائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد نام وَر ہالی وڈ، بالی وڈ اور پاکستانی اداکاروں کے انٹرویوز بھی کر چکے ہیں۔ عمیر علوی انڈین اور پاکستانی فلم میوزک کے دل دادہ ہیں اور مختلف موضوعات پر کتابیں جمع کرنا ان کا شوق ہے۔

XS
SM
MD
LG