کراچی —
بڑی کامیابی ، بڑی دیر میں
ایک بار پھر سیف نے بطور ہیرو فلمیں کرنا شروع کیں 2009کی فلم ’لو آجکل ‘ سے۔ جوں جوں ان کی شہرت میں اضافہ ہوتا گیا ،سیف بھی کرداروں کے انتخاب کے بارے میں محتاط ہوگئے۔
بالی وڈ کی فلم نگری بھی عجیب ہے۔ یہاں بنی کون سی فلم میگا ہٹ ہوگی اور کون سی ایک شو کے بعد ہمیشہ کے لئے ڈبوں میں بند ہو کر پروڈیوسر کو بھی لے ڈوبے گی، اس بارے میں اندازہ لگانا مشکل ہی نہیں ناممکن بھی ہے۔
سال دوہزار تیرہ شروع ہوا تو اس امید کے ساتھ کہ بالی وڈ پر پچھلے سال میں چھائی مندی ٹوٹے گی اور ایک بار پھر بزنس چمک اٹھے گا لہذا اب تک تو حالات کچھ بہتر ہیں اور چھ ماہ میں تین فلمیں سو کروڑ روپے کمانے والی فلموں کے کلب میں شامل ہو گئی ہیں۔
بھارتی اخبار’ ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق ان فلموں کی کامیابی کے ساتھ کچھ نئے چہرے بھی اس ’شاہانہ کلب‘ کے ممبر بن گئے جس میں اکشے کمار، اجے دیوگن، شاہ رخ، سلمان اور عامر خان جیسے میگا اسٹارز شامل ہیں۔
عاشقی 2کی سرپرائز کامیابی سے شہرت کے ساتویںآ سمان پر پہنچنے والے ادیتیہ رائے کپور اور شردھا کپور جہاں غیر متوقع اور اتنی جلد ملنے والی کامیابی پر خوشی سے پھولے نہیں سما رہے وہیں بالی وڈ میں ایک دھائی سے بھی زیادہ عرصے سے کام کرنے والے سپر اسٹار سیف علی خان اور بولڈ اینڈ بیوٹی فل دپیکاپڈکون نے بھی پہلی بار سوکروڑ کلب میں جگہ پائی ”ریس 2“کے ذریعے۔
دپیکاپڈکون نے اپنی پوزیشن مزید مستحکم کی ’یہ جوانی ہے دیوانی‘ کی کامیابی سے جس میں ان کے کو اسٹار رنبیر کپور کی 2012کی میگا ہٹ” برفی“ کے بعد یہ دوسری سو کروڑ روپے کمانے والی فلم ثابت ہوئی۔
بڑی کامیابی ، بڑی دیر میں
سیف علی خان کی سو کروڑ کلب میں انٹری بہت دیر سے ہوئی ۔ اس بارے میں فلمی کاروبار سے جڑے تجزیہ کار امود مہرہ کا کہنا تھا کہ سیف کو یہ بڑی کامیابی دیر سے ملی لیکن وہ اب بہت دیر تک یہاں رہیں گے۔ ہیرو سے کیرئیر شروع کرنے والے سیف علی خان نے سپورٹنگ رول کرنے شروع کردئیے تھے۔
ایک بار پھر سیف نے بطور ہیرو فلمیں کرنا شروع کیں 2009کی فلم ’لو آجکل ‘ سے۔ جوں جوں ان کی شہرت میں اضافہ ہوتا گیا ،سیف بھی کرداروں کے انتخاب کے بارے میں محتاط ہوگئے۔
سیف کے برعکس جان ابراہم کے بارے میں مہرہ کا کہنا تھا کہ گو کہ جان سوکروڑ کی دوفلمیں ”ہاوٴس فل 2“اور” ریس 2 “دے چکے ہیں، لیکن ابھی بھی انہیں اپنی جگہ پکی کرنے کے لئے بہت محنت کی ضرورت ہے۔
ایک اور تجزیہ کار راٹھی ، مہرہ سے ہم خیال ہوتے ہوئے کہتے ہیں ”دپیکاپڈکون اور رنبیر کپور وہ نوجوان اسٹارز ہیں جو بالی وڈ میں لمبی اننگز کھیلیں گے۔ ابھی دونوں ہی اپنے عروج پر ہیں اور ہرفلم کے ساتھ ان کا کام نکھرتا جارہا ہے۔ دونوں مستقل مزاجی سے اچھا کام کررے ہیں۔
فلم ”عاشقی 2“کے ا سٹارز ادیتیہ رائے کپور اور شردھا کپور کے بارے میں بھی ان کی رائے یہی ہے کہ ان دونوں میں اچھا بزنس کرنے والی فلمیں دینے کی صلاحیت موجود ہے۔