رسائی کے لنکس

امریکہ میں سگریٹ نوشی ۔ ۔ ۔


میں نے اپنے چند پڑوسیوں سے پوچھا کہ سب لوگ شدید سردی میں بھی گھر سے باہر نکل کر سگریٹ کیوں پیتے ہیں؟

اپنےگھروں کےباہر کھڑ ے سگریٹ نوشی کرتے لوگوں پر اکثر نظر پڑتی۔ لیکن، میں نے اِس پر کبھی غور نہیں کیا!

موسم بدلا، سردی شدید ہو گئی۔ لیکن، لوگوں نے یہ معمول نہ بدلا۔ تو میں نے اِس عادت پر غور شروع کیا۔



میں نے امریکی ریاست ورجینیا کےشہر الیگزنڈریا میں اپنے چند پڑوسیوں سے اِس موضوع پر گفتگو کاآغاز کیا کہ آخر سب لوگ شدید سردی میں بھی گھر سے باہر نکل کر سگریٹ کیوں پیتے ہیں؟

امریکہ میں سگریٹ نوشی کی مما نعت تو نہیں، بلکہ کسی چیز کی بھی ممانعت نہیں۔ لیکن، اِس کا مطلب یہ نہیں کہ سب سگریٹ پیتے ہیں۔

امریکی اپنی صحت کے معاملے میں بہت حساس ہیں، اور چونکہ سگریٹ انسانی صحت کے لیئے نقصان دہ ہے۔ لہذا، جولوگ سگریٹ نہیں پیتے (اکثریت نہیں پیتی)اُن کا پورا خیال رکھا جاتا ہے، اور سگریٹ نوشی کےلیے مختص کردہ جگہ کے علاوہ سگریٹ نوشی نہیں کی جا سکتی۔حتیٰ کہ، اب لوگ ذاتی کاروبار میں بھی سگریٹ نوشی نہیں کرتے۔ دفاتر، ٹرانسپورٹ،بس سٹاپ ، ریستوران میں تو سگریٹ نوشی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔


مجھےیہ جان کرزیادہ تعجب ہوا کہ لوگ اپنے ذاتی گھروں کے اندربھی سگریٹ نہیں پیتے۔ اوربچوں کی موجودگی میں تو بالکل بھی نہیں۔

میرا تصور امریکہ کے بارے میں کافی مختلف تھا۔

لیکن، یہ قانون کا احترام ہےیا دوسروں کا خیال یا پھر سگریٹ کے انتہائی مضر ترین اثرات سے دوسروں کو محفوظ رکھنا؟ میں اس بارے میں تو نہیں جانتا، لیکن اِس بات پر بھی غور کرتا ہوں کہ ہر جگہ پولیس موجود نہیں ہوتی، پھربھی، لوگ قانون کا اِس قدر خیال کرتے ہیں!


امریکہ میں سگریٹ نوشی کے سخت قانون کے احترام کا اندازہ مجھے اُس وقت ہوا جب ایک سٹور پر میں نے ایک دکاندار کو سگریٹ مانگنے پر گاہک سے شناختی کارڈ طلب کرتے دیکھا!

حیرانگی کے عالم میں دکاندار سے وجہ پوچھی، تو اُس نے بتایا کہ مجھے شک ہے کہ اِس کی عمر اٹھارہ سال سے کم ہے اور 18 سال سے کم عمر بچوں کو سگریٹ کی فروخت نہیں کی جاتی، حالانکہ وہ بھی پیسے دے کر ہی سگریٹ خریدتے ہیں۔

میں یہاں پاکستان میں مسافر گاڑیوں میں سگریٹ نوشی سے منع کرنے پر درجنوں مرتبہ تجربے میں آنے والے تلخ کلامی کے کسی واقع کو بیان نہیں کرنا چاہتا۔ لیکن، یہ دلچسب بات ضرور شیئر کروں گا کہ میں تقریباً چھ ماہ قبل مظفرآباد میں ایک دانتوں کے ڈاکڑکے پاس اپنے دانت چیک کروانے گیا، تو ڈاکٹر صاحب سگریٹ لگائے مریضوں کے دانت چیک کرنے میں مصروف تھے۔ زیادہ حیرانگی اِس بات پر ہوئی کہ ایک ڈاکٹر صاحب مریض کو دانتوں کی صفائی کےبعد سگریٹ نوشی سے منع بھی فرما رہے تھے۔


عبدل کا امریکہ(Facebook)
XS
SM
MD
LG