داعش نے جمعرات کے روز ایک آڈیو ٹیپ جاری کی ہے جس کے متعلق ان کا کہناہے کہ اس میں گروپ کے سربراہ ابوبکر بغدادی کا پیغام ریکارڈ ہے۔
اگر یہ دعویٰ درست ہے تو یہ تقربیاً ایک سال کے عرصے میں اس دہشت گرد گروپ کے سربراہ کی جانب سےیہ پہلا صوتی پیغام ہے۔
یہ واضح نہیں ہے کہ اس پیغام کو کب ریکارڈ کیا گیا تھا، لیکن چونکہ اس میں امریکہ اور جاپان کے خلاف شمالی کوریا کے خطرات کا ذکر کیا گیا ہے اس لیے ممکنہ طور پر یہ پیغام حالیہ عرصے میں ریکارڈ ہوا ہے۔
آڈیو پیغام 46 منٹ کی ریکارڑنگ پر مشتمل ہے، جسے الفرقان نیوز آرگنائزیشن نے جاری کیا ہے ۔ پیغام کا زیادہ تر حصہ بغدادی کی آواز میں قران پاک کی تلاوت پر مبنی ہے۔
اگر بغدادی کی آواز کی تصدیق ہو جاتی ہے تو اس سے روس کے ان دعوؤں کی ترديد ہو جائے گی جس میں روسی حکام نے کہا تھا کہ شام کے شہر رقہ میں جون کے مہینے میں ایک فضائی حملے میں داعش کا سربراہ ہلاک ہو گیا تھا۔
جب کہ بعد ازاں امریکی عہدے داروں نے اس دعوے سے اختلاف کرتے ہوئے یہ بیان دیا تھا کہ ان کے خیال میں بغدادی ابھی زندہ ہے۔
اس سے قبل بغدادی کی ایک ریکارڈ شدہ تقریر پچھلے سال نومبر کے شروع میں ایک ایسے موقع پر جاری کی تھی جب اس سے دو ہفتے پہلے سرکاری فورسز نے موصل پر قبضے کے لیے جنگ کا آغاز کیا تھا۔