افغانستان میں عہدیداروں نے کہا ہے کہ افغان فوج کی وردی میں ملبوس شخص نے صوبہ ہلمند میں نیٹو کے دو فوجیوں کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا ہے۔
نیٹو کے ایک ترجمان میجر جیسن ویگنر نے بتایا کہ اتحادی افواج کی جوابی فائرنگ میں حملہ آور بھی مارا گیا۔
ترجمان نے پیر کی صبح لشکر گاہ کے علاقے میں پیش آنے والے اس واقعے کی مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔
افغان اہلکاروں کے امریکی اور اتحادی افواج پر مہلک حملوں کے واقعات ماضی میں بھی ہوتے رہے ہیں، جب کہ شدت پسند بھی افغان فوج کی وردیاں زیب تن کرکے غیر ملکیوں فوجیوں کو نشانہ بناتے رہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق مئی 2007ء سے رواں سال جنوری تک اس نوعیت کی 42 کارروائیوں میں نیٹو کے تقریباً 70 فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔