رسائی کے لنکس

افغان صدر بھارت کے اہم دورے پر


بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ مئی میں کابل کا ایک غیر معمولی دورہ کر چکے ہیں۔
بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ مئی میں کابل کا ایک غیر معمولی دورہ کر چکے ہیں۔

بھارت سے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بات چیت کے لیے افغان صدر حامد کرزئی دو روزہ دورے پر منگل کو نئی دہلی پہنچے ہیں۔

بھارت میں قیام کے دوران صدر کرزئی بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ سے ملاقات کے علاوہ بدھ کو آبزرور ریسرچ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ایک خصوصی تقریب سے خطاب بھی کریں گے۔

رواں سال اُن کا بھارت کا یہ دوسرا دورہ ہے جب کہ وزیر اعظم سنگھ بھی مئی میں کابل کا ایک غیر معمولی دورہ کر چکے ہیں۔

طالبان بغاوت میں پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے مبینہ کردار کے حالیہ الزامات کی وجہ سے پاک افغان تعلقات میں کشیدگی کے تناظر میں صدر کرزئی کے دورہ بھارت کو انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

بھارت کا شمار افغانستان کو امداد فراہم کرنے والے بڑے ملکوں میں ہوتا ہے، اور 2001ء میں طالبان حکومت کے خاتمے کے بعد سے وہ اب تک کابل کو تقریباً دو ارب ڈالر مالیت کے تعمیر نو اور ترقیاتی منصوبوں کی یقین دہانی کرا چکا ہے۔

پاکستان نے بھارت کی افغانستان میں بڑھتی ہوئی سرگرمیوں پر بار ہا شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے، جب کہ مختلف عہدے دار ملک میں جاری عسکریت پسندی کی لہر میں بھارت کے ملوث ہونے کے الزامات بھی عائد کر چکے ہیں جنھیں نئی دہلی نے بے بنیاد قرار دے کر مسترد کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG