رسائی کے لنکس

طالبان کی قید سے 62 افغان سیکیورٹی اہلکار بازیاب


افغان وزارت دفاع کے مطابق سیکورٹی فورسز نے گزشتہ شب صوبہ بادغیس میں طلبان کے مرکز پر چھاپہ مارا۔ (فائل فوٹو)
افغان وزارت دفاع کے مطابق سیکورٹی فورسز نے گزشتہ شب صوبہ بادغیس میں طلبان کے مرکز پر چھاپہ مارا۔ (فائل فوٹو)

افغانستان میں سرکاری فورسز نے کمانڈو کارروائی کر کے طالبان کی قید سے 62 سیکیورٹی اہلکاروں کو بازیاب کرا لیا ہے۔ طالبان نے الگ حملے میں 18 سیکیورٹی اہلکاروں کو ہلاک کر دیا ہے۔

افغان وزارت دفاع نے ایک بیان میں بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے گزشتہ شب شمال مغربی صوبے بادغیس کے ضلع بالامرغاب میں طلبان کے ایک مرکز پر چھاپہ مارا۔ اس میں کمانڈوز نے حصہ لیا۔ اس کارروائی میں پانچ طالبان کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ کئی زخمی ہوئے۔ قید میں رکھے گئے زیادہ تر افراد کا تعلق افغان نیشنل آرمی سے تھا۔

طالبان کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

دریں اثنا افغان حکام نے کہا ہے کہ شمالی صوبے قندوز میں منگل کو شرپسندوں نے فوجی اڈے کو نشانہ بنایا جس میں سیکورٹی فورسز کے کم از کم 18 اہلکار ہلاک ہوئے۔

طالبان کے بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ دشت آرچی ضلعے میں عسکریت پسندوں نے ایک اڈے پر دھاوا بول دیا، جس میں افغان فوج کے 35 اہلکاروں کو ہلاک کیا گیا جبکہ چار کو پکڑ لیا گیا۔

پیر کو طالبان نے ہمسایہ صوبے بغلان میں ایک پولیس چوکی پر حملہ کیا تھا، جس میں کم از کم 13 اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔

XS
SM
MD
LG