رسائی کے لنکس

وسطی ایشیا سے پاکستان تک بجلی کی ترسیل کے منصوبے کا سنگ بنیاد


بجلی کی ترسیل کے منصوبے کی کابل میں منعقدہ تقریب۔
بجلی کی ترسیل کے منصوبے کی کابل میں منعقدہ تقریب۔

افغان صدر اشرف غنی نے جمعرات کے روز وسطی ایشیا اور جنوبی ایشیا کو ملانے والے توانائی کے ایک اہم علاقائی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا، جس میں چار ملک شامل ہیں۔

بجلی کی پیداور کے اس منصوبے کا نام ’سی اے ایس اے 1000‘ ہے، جس کی تعمیر پر 1.2 ارب ڈالر لاگت آئے گی، جس سے افغانستان کو سالانہ 300 میگاواٹ بجلی میسر آئے گی۔ جب کہ پاکستان کو 1000 میگاواٹ بجلی ملے گی، جو تاجکستان اورکرغیزستان میں پیدا ہو گی۔ یہ بجلی ان کی ضرورت سے اضافی ہے۔

متعدد ترقیاتی بینک، امریکہ اور دیگر ممالک اس منصوبے کے لیے مالی معاونت فراہم کریں گے۔

افغان اہل کاروں نے بتایا ہے کہ تقریب میں منصوبے میں شامل ملکوں کے سفارت کار بھی شریک تھے جو دارالحکومت کابل کے مشرقی علاقے میں منعقد ہوئی۔

صدر غنی نے کہا ہے کہ سی اے ایس اے 1000 منصوبہ خطے کو ملانے، توانائی کے میدان میں تعاون کو فروغ دینے اور چاروں ملکوں کی خوش حالی کا ضامن ہو گا۔

منصوبے کی بنیاد رکھنے کی یہ تقریب ایک ایسے وقت میں منعقد کی گئی جب افغانستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات میں باہمی شک و شبہے اور اعتماد کی کمی کا عنصر موجود ہے۔ کشیدگی کی وجہ یہ الزامات ہیں کہ پاکستان افغان طالبان جب کہ افغانستان پاکستان مخالف جنگجوؤں کی مدد کرتا ہے۔

تقریب کے بعد وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے، کابل میں تعینات پاکستانی سفیر زاہد نصر اللہ خان نے کہا کہ باہمی تناؤ اور نااتفاقی کے باوجود ان کا ملک سی اے ایس اے 1000 جیسے منصوبوں میں افغانستان کے ساتھ مل کر کام کرے گا، جس سے علاقے کو منسلک کرنے میں مدد ملے گی۔

سفیر نے کہا کہ ’’ہم ہمسائے ہیں۔ ہماری تقدیر آپسی تعاون میں مضمر ہے۔ اور اپنے ملکوں کو ترقی دینے کے لیے ہمیں مل کر کام کرنا ہو گا اور ہمارے مواقع بھی آپس میں جڑے ہوئے ہیں۔ اس لیے، ہمیں اپنے تعلقات کو مثبت انداز سے فروغ دینا چاہیے‘‘۔

انھوں نے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کا بھی ذکر کیا جس میں امریکی قیادت میں افغان امن اور سیاسی مفاہمت کے عمل کے لیے سہولت کاری کی فراہمی میں مدد دی جا رہی ہے، جس کا مقصد ہمسایہ ملک میں 18 برس سے جاری لڑائی کا خاتمہ ہے۔

منصوبے کی تکمیل پر سی اے ایس اے 1000 افغانستان کے لیے ہر اعتبار سے سود مند ثابت ہو گا، جو نہ صرف بجلی سے فائدہ اٹھا سکے گا بلکہ ملک سے بجلی لائن کی ترسیل سے ملک کو خاصی آمدن ہو گی۔

XS
SM
MD
LG