جنوبی افغانستان میں طالبان عسکریت پسندوں کے ایک حملے میں نیٹو نے اپنے چھ فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے ۔
یہ واقعہ اتوار کو پیش آیا تاہم بین الاقوامی افواج کے طرف سے کابل میں جاری ہونے والے ایک بیان میں نہ تو مرنے والے فوجیوں کی قومیت اور نہ ہی واقعہ کی مزید کوئی تفصیلات بتائی گئی ہیں۔ افغانستان کے جنوبی صوبوں میں تعینات افواج کی اکثریت امریکیوں کی ہے۔
حالیہ دنوں میں دوسری مرتبہ کسی ایک واقعہ میں نیٹو کے چھ فوجی مارے گئے ہیں۔ اس سے قبل 29 نومبر کو بھی ایک مشتعل افغان فوجی نے فائرنگ کر کے چھ غیر ملکی فوجیوں کو ہلاک کردیاتھا ۔ مرنے والے تمام امریکی فوجی ماہرین تھے۔
افغان صوبوں قندھار اور ہلمند میں طالبان کے خلاف اتحادی افواج کی کارروائیوں میں تیز ی کے بعد عسکریت پسندوں نے بھی حملوں کا سلسلہ تیز کردیاہے۔
ایک روز قبل نیٹو افواج کی مختلف کارروائیوں میں کم از کم 40 عسکریت پسنداور سات عام شہری ہلاک ہوگئے تھے۔
رواں سال نیٹو اور امریکی افواج کے لیے اب تک مہلک ترین ثابت ہوا ہے اور مجموعی طور پر 670 سے زائد غیرملکی فوجی مارے جاچکے ہیں ۔ پچھلے سال یہ تعداد 500 سے کچھ زیادہ تھی۔