نیٹو نے کہاہے کہ افغان اور اتحادی افواج نے ملک کےشمالی حصے میں ایک مشترکہ کارروائی کے دوران چھ شورش پسندوں کو ہلاک کردیا ، جب کہ جنوبی افغانستان میں ایک جھڑپ کے میں نیٹو کا بھی ایک اہل کار ہلاک ہوا۔
نیٹو کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبے بلخ کے ضلع چار بولک میں ہلاک کیے جانے والے چھ شورش پسندوں میں ایک طالبان لیڈر بھی شامل تھا، جو علاقے میں ایک طیارے پر حملوں کا ذمہ دارتھا۔
بیان میں کہاگیا ہے کہ مشترکہ افواج نے اپنی اس کارروائی میں تین مشتبہ شورش پسندوں کو گرفتار کرکے ان کے پاس کے کئی ہتھیار برآمد کرکے اپنے قبضے میں لے لیے۔
جنوبی صوبے قندھار میں مشترکہ سیکیورٹی فورسز نے تین ٹن سے زیادہ چرس پکڑ کراپنے قبضے میں لے لی اور اسے بعد ازاں کسی تاریخ پر تلف کردیاجائے گا۔
ملک کے جنوبی حصے میں ہی، ہفتے کے روز شورش پسندوں کے حملے میں ایک اتحادی فوجی ہلاک ہوگیا۔ اس بارے میں مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی گئی۔