اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین ”یواین ایچ سی آر“ نے پاکستان میں افغان مہاجرین کی رضاکارانہ وطن واپسی پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ ایک مہینے کے دوران 22 ہزار افراد افغانستان واپس چلے گئے ہیں۔
جمعرا ت کو پشاور کے نواحی علاقے چمکنی میں رضا کارانہ طور پر افغان مہاجرین کے لیے قائم رجسٹریشن مرکز میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے مقامی افسر عروج صیفی نے کہا کہ گذشتہ سال مارچ سے اکتوبر تک صرف 50 ہزارکے لگ بھگ افراد افغانستان واپس گئے تھے۔
افغانستان واپس جانے والوں میں اقوام متحدہ کے اعداد وشما ر کے مطابق 71 فیصد افغان مہاجرین خیبر پختون خواہ کے مختلف علاقوں میں جب کہ 15 فیصد بلوچستان میں رہائش پذیر تھے۔