رسائی کے لنکس

افغانستان: خواتین پر مشتمل ریڈیو اسٹیشن ایک ہفتے کی بندش کے بعد کھل گیا


 افغانستان کے صوبے خوست کا ایک ریڈیو اسٹیشن جس نے حال ہی میں خواتین کے لئے نشریات شروع کی ہیں۔
افغانستان کے صوبے خوست کا ایک ریڈیو اسٹیشن جس نے حال ہی میں خواتین کے لئے نشریات شروع کی ہیں۔

شمال مشرقی افغانستان میں خواتین کے زیرانتظام چلنے والے ایک ریڈیو اسٹیشن نے اپنی نشریات دوبارہ شروع کر دی ہیں، جسے حکام نے، رمضان کے مقدس مہینے میں موسیقی نشر کرنے کی پاداش میں ایک ہفتے کے لیے بند کر دیا تھا۔ یہ بات طالبان کے ایک اہل کار اور اسٹیشن کی سربراہ نے جمعے کے روز ایسو سی ایٹڈ پریس کو بتائی ۔

صدائے بانوان، جس کا مطلب دری زبان میں ،خواتین کی آواز، ہے، 10 سال قبل صوبے بدخشاں میں لانچ کیا گیا تھا اور یہ خواتین کے زیر انتظام چلنے والا ، افغانستان کا واحد ریڈیو اسٹیشن ہے۔ اس کے عملے کے آٹھ ارکان میں سے چھ خواتین ہیں۔

بدخشاں میں خواتین کا ریڈیو اسٹیشن صدائے بانوان جسے بندش کے بعد دوبارہ کھول دیا گیا ہے
بدخشاں میں خواتین کا ریڈیو اسٹیشن صدائے بانوان جسے بندش کے بعد دوبارہ کھول دیا گیا ہے

بدخشاں میں اطلاعات و ثقافت کے ڈائریکٹر معز الدین احمدی نے کہا کہ اسٹیشن نے جب امارت اسلامی کے قوانین و ضوابط، کی تعمیل کرنے اور کسی بھی قسم کی موسیقی نشرنہ کرنے پر رضامندی ظاہر کی تو جمعرات کو اسے سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دی گئی۔

سٹیشن کی سربراہ ناجیہ سوروش نے کہا کہ اسٹیشن نے جب محکمہ اطلاعات و ثقافت کے عہدیداروں کو عہد نامہ دیا تو اس کے بعد، انہوں نے اسٹیشن کا دروازہ کھول دیا، اور نشریات دوبارہ شروع ہو گئیں ۔

صحافیوں کے تحفظ اور آزادی صحافت کو فروغ دینے والی ایک افغان نگراں تنظیم ،افغان جرنلسٹ سیفٹی کمیٹی نے جو اسٹیشن کے دوبارہ کھلنے کے لیے ثالثی میں شامل تھی، نشریات کی بحالی کا خیرمقدم کیا۔

تنظیم نے ایک ٹویٹ میں کہاکہ اس کی کوششوں سے صدائے بانواں ریڈیو نے اپنی نشریات دوبارہ شروع کر دی ہیں ۔

وزارت اطلاعات و ثقافت اور وائس اینڈ ورچو ڈائریکٹوریٹ کے نمائندوں نے ایک ہفتہ قبل اسٹیشن کو بند کر دیا تھا۔

افغانستان کی آزاد صحافیوں کی ایسوسی ایشن کے مطابق اگست 2021 میں طالبان کے قبضے کے بعد فنڈز کی کمی یا عملے کے ملک چھوڑنے کی وجہ سے ،میڈیا آؤٹ لیٹس بند ہو گئے جس کی وجہ سے بہت سے صحافی اپنی ملازمتوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔

افغان خواتین نے کابل میں خواتین کے بین الاقوامی دن پر اپنے حقوق کے لئے ایک مظاہرہ کیا ، فوٹو اے ایف پی 8 مارچ 2023
افغان خواتین نے کابل میں خواتین کے بین الاقوامی دن پر اپنے حقوق کے لئے ایک مظاہرہ کیا ، فوٹو اے ایف پی 8 مارچ 2023

طالبان نے خواتین کو زیادہ تر ملازمتوں میں کام کرنے سے روک دیا ہے اور ان پر یونیورسٹی کی تعلیم سمیت چھٹی جماعت سے زیادہ تعلیم پر پابندی لگا دی ہے۔ موسیقی پر سرکاری طور پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ 1990 کی دہائی کے آخر میں اپنی سابقہ حکومت کے دوران، طالبان نے ملک میں بیشتر ٹیلی ویژن، ریڈیو اور اخبارات پر پابندی لگا دی تھی۔

اس خبر کا کچھ مواد ایسوسی ایٹڈ پریس سے لیا گیا ہے

XS
SM
MD
LG