افغان وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ جنوبی زابل صوبے میں ایک خودکش حملہ ہوا ہے جس میں چار افراد ہلاک اور درجن بھر زخمی ہو گئے ہیں۔
صوبائی گورنر کے ترجمان محمد جان رسولیار نے کہا ہے کہ بمبار نے شاہ جوائے علاقے کے ایک مرکزی بازار میں مقامی سکیورٹی ایجنسی کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔
افغان وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں چار افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں دو سکیورٹی گارڈ اور دو عام شہری شامل ہیں۔
دوسری جانب طا لبان نے اس حملے کی ذمہ داری اپنی ویب سائٹ پر جاری کردہ بیان میں قبول کر لی ہے لیکن شدت پسند تنظیم کا کہنا ہے کہ حملہ خودکش نہیں تھا اور سڑک کے کنارے نصب کیے گئے بم سے کیاگیا۔
بیان کے مطابق حملہ اس گاڑی پر کیا گیا جو اتحادی افواج کے لیے سامان رسد لے کر جانے والے ٹرکوں کو تحفظ فراہم کر رہی تھی۔