افغانستان کے شمال میں جمعہ کو ایک خودکش بم دھماکے میں کم ازکم تین پولیس اہلکار ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
صوبہ قندوز کے پولیس سربراہ کے ایک ترجمان نے بتایا ہے کہ ایک مسجد میں شمالی افغانستان کی پولیس کے مقتول سربراہ جنرل داؤد داؤد کی یاد میں تقریب ہورہی تھی جب ایک خودکش بمبار نے مسجد کے باہر خود کو دھماکا خیزمواد سے اڑا لیا۔
ترجمان کے بقول یہ بم حملہ بظاہر قندوز پولیس کے موجودہ سربراہ سمیع اللہ قطرہ کو نشانہ بنانے کے لیے کیا گیا تھا۔تاہم وہ اس میں محفوظ رہے۔
جنرل داؤد گزشتہ ماہ پڑوسی صوبے تخار میں ہونے والے بم حملے میں ہلاک ہوگئے تھے۔
قندوز پولیس کے ایک ترجمان سید سرور حسینی کے مطابق صوبائی دارالحکومت قندوز شہر میں پیش آنے والے اس واقعے میں چار عام شہری بھی زخمی ہوئے ہیں۔
ہسپتال ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہلاکتوں میں اضافہ ہوسکتاہے۔ان کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں پولیس وردی میں ملبوس چار لاشیں لائی گئی تھیں جب کہ 14زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے جن میں چھ کی حالت تشویشناک ہے۔
یہ بھی پڑھیے
مقبول ترین
1