رسائی کے لنکس

افغان پولیس اہلکار کے ہاتھوں 4 نیٹو فوجی ہلاک


افغان پولیس اہلکار (فائل فوٹو)
افغان پولیس اہلکار (فائل فوٹو)
افغانستان میں مقامی پولیس کے ایک اہلکار نے فائرنگ کر کے چارغیرملکی فوجیوں کو ہلاک کردیا ہے۔

نیٹو کی زیرقیادت بین الاقوامی اتحاد ’ایساف‘ نے کابل میں ایک سرکاری بیان میں کہا ہے کہ یہ واقعہ اتوارکو جنوبی افغانستان میں پیش آیا تاہم مزید کوئی تفصیلات نہیں بتائیں۔

مقامی سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ زابُل صوبے میں پیش آیا اوراس میں حملہ آور بھی مارا گیا۔

ایک روز قبل جنوبی ہلمند صوبے میں گشت سے واپس لوٹنے والے دو برطانوی فوجی ایک افغان پولیس اہلکارکی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے تھے۔

افغانستان میں اس سال اب تک مقامی فوج اور پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے غیر ملکی فوجیوں کی تعداد 51 ہوگئ ہے۔ ان میں سے بارہ واقعات اگست میں پیش آئے جو 15 نیٹو فوجیوں کی ہلاکت کا باعث بنے۔

رواں ہفتے ہلمند صوبے میں برطانوی فوج کے ایک مرکزی اڈے ’کیمپ باسچن‘ پرطالبان عسکریت پسندوں کے ایک بدترین حملے میں دو نیٹو فوجی ہلاک اور نو دیگر زخمی ہوگئے تھے۔

اس کارروائی کے دوران فوجی تنصیب پر موجود چھ لڑاکا طیارے تباہ اور دو کو نمایاں نقصان پہنچا، جبکہ ایندھن کے تین اسٹیشنوں کو بھی تباہ کردیا گیا۔

نیٹو نے اتوار کو جاری کیے گئے ایک بیان میں حملہ آوروں کی تعداد 15 بتائی ہے جنہوں نے امریکی فوج کی وردیاں پہن رکھی تھیں۔ ان میں سے14 کو ہلاک جبکہ ایک کوگرفتار کرلیا گیا۔

طالبان عسکریت پسندوں نے جمعہ کوجس وقت کیمپ باسچن پر یہ منظم حملہ کیا تھا اُس وقت برطانیہ کے شہزادہ ولیم بھی وہاں موجود تھے۔

تاہم ایک فوجی ترجمان کے بقول وہ بالکل محفوظ رہے کیونکہ اُن کی قیام گاہ حملے کے مقام سے دو کلومیٹر دور تھی۔
XS
SM
MD
LG