نیٹو نے کہا ہے کہ اتوار کو جنوبی افغانستان میں ہونے والے ایک بم دھماکے میں اُس کا ایک فوجی ہلاک ہوگیا۔
بین الاقوامی افواج کے اتحاد نے ایک روز قبل بھی دو الگ الگ حملوں میں دو فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔ ایک فوجی ملک کے جنوبی حصے میں ہونے والے بم دھماکے کا نشانہ بناجب کہ دوسرا شمالی حصے میں مارا گیا۔
نیٹو نے اتوار اورہفتہ کو ہلاک ہونے والے فوجیوں کی شناخت یا اُن کی قومیت کے بارے میں کو ئی تفصیلات جاری نہیں کیں۔
تاہم سویڈن کی فوج نے کہا ہے کہ ہفتہ کو شمالی افغانستان میں مارا جانے والا فوجی اُس کا تھا جس کی گاڑی سڑک میں چھپائے گئے بم سے ٹکرا گئی۔ اس حملے میں دو دوسرے فوجی زخمی بھی ہوئے۔
افغانستان میں تعینات لگ بھگ ایک لاکھ پچاس ہزار اتحادی افواج میں سویڈن کے تقریباََ پانچ سو فوجی شامل ہیں۔
نیٹو نے جنوبی صوبے ہلمند میں ہفتہ کو افغان فوجیوں کے ساتھ مل کر کی گئی ایک کارروائی میں عسکریت پسندوں کے ایک مشتبہ ٹھکانے سے مقامی طور پر بنائے گئے بمو ں کی ایک بہت بڑی کھیپ برآمد کی۔ نیٹو کا کہنا ہے کہ اس مقام پر دوسری اقسام کا بارودی مواد بھی ملا ہے۔
افغانستان میں جنگ کے خاتمے کے لیے طالبان کے ساتھ مفاہمت کی کوششوں میں نیٹو افغان صدر حامد کرزئی کی مدد کررہی ہے۔
مصالحتی کوششوں کے فروغ کے لیے افغانستان میں حال ہی میں قائم کی جانے والی امن کونسل کے ایک ترجمان نے وائس آف امریکہ کو بتایا ہے کہ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان غیر رسمی مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔
ایک روز قبل افغانستان میں امریکی اور نیٹو افواج کے کمانڈر جنرل ڈیوڈ پیٹریاس نے کہا تھا کہ نیٹو افواج کابل مذاکرات جانے والے طالبان رہنماؤں کو محفوظ راستہ دینے میں معاونت کر رہی ہیں۔
طالبان نے افغان حکومت کے ساتھ رابطوں کی اطلاعات کو مسترد کیا ہے۔