رسائی کے لنکس

مشرقی افغانستان میں 50 جنگجو ہلاک، نیٹو


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

افغانستان میں تعینات نیٹو افواج نے کہا ہے کہ ملک کے مشرقی صوبے میں غیر ملکی جنگجووں کے ایک مرکز کے خلاف کی گئی تازہ فوجی کاروائی میں 50 سے زائد شدت پسندوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔

جمعہ کو جاری ایک بیان میں نیٹو نے کہا ہے کہ کاروائی مشرقی افغان صوبہ پکتیکا کے ضلع سرا روغا میں قائم غیر ملکی شدت پسندوں، القاعدہ اور طالبان سے منسلک جنگجو گروپ حقانی نیٹ ورک کے اراکین کے ایک کیمپ پر کی گئی۔

بیان کے مطابق کیمپ میں موجود جنگجوؤں کو حقانی نیٹ ورک کے شدت پسندوں نے افغانستان میں داخل کرایا تھا اور انہیں ملک بھر میں حملوں کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔

بیان کے مطابق کیمپ کی اطلاع ملنے پر اتحادی افواج نے افغان اسپیشل فورسز کے ہمراہ علاقے میں جمعرات کی شب کاروائی کا آغاز کیا جو جمعہ کی صبح تک جاری رہی۔

اتحادی افواج کے مطابق جنگجووں نے پہاڑوں میں بنی چوکیوں اور غاروں سے شدید مقابلہ کیا جو تمام رات جاری رہا۔ مقابلہ کے دوران شدت پسندوں کی جانب سے بھاری اسلحہ کا استعمال کیا گیا۔

بیان کے مطابق رات بھر جاری رہنے والی لڑائی میں حقانی نیٹ ورک کے لگ بھگ 30 شدت پسند ہلاک ہوئے جس کے بعد صبح کے اوقات میں اتحادی افواج کی جانب سے علاقے میں کیے گئے کلیئرنس آپریشن کے دوران ہونے والی مختلف جھڑپوں میں مزید 20 جنگجو مارے گئے۔

نیٹو کے بیان کے مطابق اتحادی افواج نے شدت پسندوں کے کیمپ سے اسلحہ کی بھاری مقدار بھی قبضہ میں لے لی ہے۔

XS
SM
MD
LG