رسائی کے لنکس

افغانستان: خود کش بم دھماکے میں دو ہلاک، 11 زخمی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ادھر مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق جنوبی صوبہ قندھار میں شدت پسندوں نے ایک گھر پر حملہ کر کے تین خواتین سمیت سات افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔

افغانستان میں ہفتہ کو ایک مقامی قبائلی رہنما پر ہونے والے خودکش بم حملے میں کم ازکم دو افراد ہلاک اور 11 زخمی ہوگئے۔

مشرقی صوبہ ننگرہار کے گورنر کے نائب ترجمان نور احمد حبیبی کے مطابق یہ واقعہ مرکزی شہر جلال آباد میں پیش آیا جہاں موٹرسائیکل پر سوار حملہ آور نے قبائلی رہنما حیات اللہ خان کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔

ان کے بقول قبائلی رہنما اس واقعے میں محفوظ رہے لیکن دیگر دو افراد ہلاک اور 11 زخمی ہوگئے۔

تاحال اس واقعے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی ہے لیکن ملک کے اس حصے میں طالبان کے علاوہ شدت پسند گروپ داعش سے وابستہ عسکریت پسند بھی سرگرم ہیں جو اکثر ایسے مہلک حملے کرتے رہے ہیں۔

ادھر افغانستان کے مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق جنوبی صوبہ قندھار میں شدت پسندوں نے ایک گھر پر حملہ کر کے تین خواتین سمیت سات افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔ واقعے کی مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکی ہیں۔

جنگ سے تباہ حال ملک افغانستان میں طالبان عسکریت پسندوں کی طرف سے حالیہ مہینوں میں ہلاکت خیز واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

جمعرات کو دارالحکومت کابل کے قریب زیرتربیت پولیس اہلکاروں کی بسوں کے قافلے پر دو خود کش حملوں میں 42 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔

گزشتہ ماہ ایک غیر ملکی کمپنی کے محافظوں کی بس پر ہونے والے خودکش حملے میں 14 نیپالی شہری ہلاک ہوگئے تھے۔ یہ لوگ کمپنی میں بطور گارڈز فرائض انجام دیتے تھے۔

XS
SM
MD
LG