افغانستان میں تعینات نیٹو افواج کا کہنا ہے کہ ملک کے جنوبی حصے میں ہونے والے مختلف واقعات میں اس کے پانچ اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔
اتحادی افواج کے مطابق تین فوجی جمعرات کو ہونے والے ایک بم حملے میں ہلاک ہوئے۔ ایک دوسرے بم حملے میں ایک اور فوجی مارا گیا جب کہ پانچواں فوجی عسکریت پسندوں کے ساتھ جھڑپ میں ہلاک ہوا۔ بیان میں ان واقعات کی مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔
2001ء میں افغانستان میں امریکی اور اتحادی افواج کی آمد کے بعد سے اب تک رواں سال بین الاقوامی افواج کے لیے سب سے زیادہ ہلاکت خیز ثابت ہورہا ہے۔ اس سال اب تک 530سے زائد غیر ملکی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔
نیٹو کے اعلیٰ افسران کا کہنا ہے کہ اتحادی فوج اور افغان سکیورٹی فورسز کی طرف سے جنوبی صوبہ قندھار اور اس کے گردو نواح کے اضلاع میں طالبان کا صفایا کرنے کے لیے کی جانے والی کارروائیوں میں انھیں شدید لڑائی کی توقع ہے۔