مشرقی افغانستان میں حکام نے بتایا ہے کہ پولیس کی وردی میں ملبوس طالبان خودکش حملہ آوروں کے ساتھ جھڑپ اور دھماکوں میں پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔
صوبہ پکتیکا کے پولیس سربراہ کا کہنا ہے کہ ضلع یحیٰ خیل میں ایک چیک پوسٹ پر جب شک کی بنا پر حملہ آوروں کو روکنے کی کوشش کی گئی تو انھوں نے فائرنگ شروع کردی۔ ایک گھنٹے تک جاری رہنے والے فائرنگ کے تبادلے میں دو حملہ آور مارے گئے جبکہ دیگر چار نے اپنے جسم سے بندھے بارود میں دھماکا کر دیا جس سے تین پولیس اہلکار اور دو شہری ہلاک ہوگئے۔
عہدیدار کے بقول یہ شدت پسند ضلعی حکومت کے دفتر کر حملہ کرنا چاہتے تھے۔ طالبان نے واقعے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔
دریں اثناء جنوبی صوبے ہلمند میں سڑک میں نصب بم پھٹنے سے بچوں سمیت سات افراد ہلاک ہوگئے۔ موسیٰ قلعے میں پیش آنے والے اس واقعے کے بعد جب امدادی کارروائی جاری تھیں تو اسی دوران ایک اور دھماکا ہوا جس سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔