بھارت نے افریقی ممالک کے ساتھ اپنے اقتصادی روابط مضبوط بنانے کی کوشش میں انہیں پانچ ارب ڈالر قرضے کی پیش کش کی ہے۔
منگل کے روز ایتھوپیا کے دارالحکومت میں ایک تقریر کے دوران بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ نے قرضے کی پیش کش کے حوالے سے کہاہے کہ یہ تین سال کے دوران دیا جائے گا اور اس کا مقصد افریقہ کو اپنے ترقیاتی اہداف کے حصول میں مدد دینا ہے۔
مسٹر سنگھ دوسری افریقہ بھارت سربراہی کانفرنس کے سلسلے میں ادیس ابابا میں ہیں جہاں انہوں نے افریقی ممالک کے عہدے داروں سے خطاب کیا۔
وزیر اعظم نے کہاکہ افریقہ دنیا کا ایک اہم ترقیاتی مرکز بننے کی راہ پر گامزن ہے۔
بھارت افریقی منڈیوں اور قدرتی وسائل تک رسائی کے لیے چین اور کئی دوسرے ممالک کا مقابلہ کررہاہے۔
حالیہ برسوں میں چین کی جانب سے براعظم افریقہ میں دس ارب ڈالرکی سرمایہ کاری کے بعد، جن میں زیادہ تر کا تعلق بنیادی ڈھانچے کے پراجیکٹوں سے ہے، خطے میں اس کی تجارت نمایاں طورپر بڑھی ہے۔
مسٹر سنگھ افریقی ممالک کے چھ روزہ دورے پر ہیں اور اس ہفتے کےآخر میں وہ تنزانیہ جائیں گے۔
ادیس ابابا میں اپنے قیام کے دوران وہ ایتھوپیا کے وزیر اعظم میلیس زیناوی سے ملاقات اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔