رسائی کے لنکس

کابل: آغا خان فاؤنڈیشن کی خاتون امدادی کارکن اغوا


ڈی سوزا کے والد، ڈینزل
ڈی سوزا کے والد، ڈینزل

جوڈتھ بھارت کی شہری ہیں جو گذشتہ سال سے افغانستان میں آغا خان ترقیاتی نیٹ ورک کے لیے کام کرتی رہی ہیں۔ جمعرات کے بعد اُنھیں نہیں دیکھا گیا جب کہ کابل میں ایک بھارتی سرکاری اہل کار نے ایک اخباری نمائندے کو بتایا کہ بظاہر اُنھیں افغان دارالحکومت کے ہی علاقے میں اُن کی رہائش گاہ کے قریب اغوا کیا گیا

افغانستان میں حکام آغا خان فاؤنڈیشن کی ایک خاتون امدادی کارکن کو تلاش کر رہے ہیں، جنھیں کابل میں اغوا کیا گیا ہے۔

جوڈتھ ڈی سوزا کے اغوا کی ذمہ داری کسی گروہ نے قبول نہیں کی۔

جوڈتھ بھارت کی شہری ہیں جو گذشتہ سال سے افغانستان میں آغا خان ترقیاتی نیٹ ورک کے لیے کام کرتی رہی ہیں۔ جمعرات کے بعد اُنھیں نہیں دیکھا گیا جب کہ کابل میں ایک بھارتی سرکاری اہل کار نے ایک اخباری نمائندے کو اس گمان کا اظہار کیا ہے کہ بظاہر اُنھیں افغان دارالحکومت قلا فتح اللہ کے علاقے میں اُن کی رہائش گاہ کے قریب اغوا کیا گیا۔

افغان وزارتِ داخلہ کے ترجمان، صادق صدیقی نے جمعے کے روز ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا کہ خاتون کو اغوا کیا گیا ہے۔ بھارت میں سرکاری اہل کاروں نے بتایا ہے کہ اغوا کار 40 برس کی اِس معروف امدادی کارکن کی رہائی کی کوششوں میں افغان حکام کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔

کولکتہ میں ڈی سوزا کے والدین اور بہن نے کہا کہ اُنھیں اغوا کے بارے میں جمعے کی علی الصبح بھارتی سرکاری اہل کاروں سے پتا چلا۔ نئی دہلی کے اخبار ’ہندوستان ٹائمس‘ نے بتایا ہے کہ تین افراد اغوا کیے گئے ہیں: ڈی سوزا، اُن کا ڈرائیور اور ایک محافظ۔

لاپتا خاتون نے گذشتہ ہفتے کے اوائل میں اپنے اہل خانہ کو ٹیلی فون کیا تھا، یہ بتاتے ہوئے کہ وہ تعطیل منانے کے لیے اگلے ہفتے کولکتہ کے سفر کا ارادہ رکھتی ہیں۔ جوڈتھ کی بہن، اگنس ڈی سوزا نے اخبار کو بتایا کہ ’’اُنھوں نے یہ نہیں کہا کہ اُن کی زندگی کو خطرہ لاحق ہے‘‘۔

بھارتی وزیر خارجہ سوشما سوراج نے جمعے کے روز ڈی سوزا خاندان کے بارے میں ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ ’’اُن کی تلاش کے لیے ہم ہر ممکن کوشش کریں گے‘‘۔

بقول اُن کے، ’’ہم اُن کو تلاش کرنے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔ وہ ہماری بہن اور بھارت کی بیٹی ہیں۔ ہم اُنھیں تلاش کرنے کے لیے ہر قدم اٹھا رہے ہیں‘‘۔

آغا خان فاؤنڈیشن اور اُس سے منسلک آغا خان ترقیاتی نیٹ ورک نے افغان تعمیرِ نو کے منصوبوں، خاص طور پر دیہی ترقیات، صحت، تعلیم، صفائی اور ثقافتی بحالی کے لیے 75 کروڑ ڈالر فراہم کیے ہیں۔

تنظیم نے بغیر ڈی سوزا کا نام لیے، اغوا کی تصدیق کی ہے؛ اور کہا ہے کہ اس معاملے کو رفع کرنے کے لیے وہ ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ تاہم، کوئی مزید تفصیل پیش نہیں کی۔

XS
SM
MD
LG