رسائی کے لنکس

سیلاب زدگا ن کے لیے دوکروڑ 12لاکھ ڈالر امداد کا اعلان


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

یورپی یونین نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی بحالی کے لیے اقوام متحدہ کے پروگرام برائے ترقی ”یواین ڈی پی“ کے جاری منصوبوں کے لیے دو کروڑ 12 لاکھ ڈالر کی رقم فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں یواین ڈی پی کے منصوبوں کا مقصد روزگار کے مواقع پیدا کر کے معمولات زندگی کی بحالی اور بنیادی انتظامی ڈھانچے کو دوبارہ فعال بنانا شامل ہے۔

پاکستانی حکومت اور یواین ڈی پی کی طرف سے سیلاب زدگان کی بحالی کے ابتدائی مرحلے کے تکمیل کے لیے 12 کروڑ ڈالرامداد کی اپیل کے جواب میں یورپی یونین نے یہ رقم فراہم کی ہے۔

جولائی 2010ء میں آنے والے سیلاب کے بعد لگائے جانے والے تخمینوں کے مطابق متاثرہ علاقوں میں مقامی انتظامیہ کے 1500 سے زائد دفاتر بری طرح متاثرہوئے تھے۔ اس قدرتی آفت کے دوران اندازاً لاکھوں افراد کی قانونی دستاویزات سیلابی پانی میں بہہ گئیں جن میں اُن کے پیدائشی، تعلیمی اور جائیداد سے متعلق سرکاری کاغذات کے علاوہ نکاح نامے بھی شامل تھے، جس کی وجہ سے اُنھیں حکومت کی طرف سے ملنے والے معاوضے اور اپنی زمینوں کی دوبارہ حد بندی میں مشکلات کا سامنا کرناپڑا۔

اقوام متحدہ کی طرف سے منگل کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق اس پروگرام سے 190 شدید متاثر ہونے والے سرکاری دفاتر کی مرمت، سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے 29 اضلا ع میں حکومت کے 120 اداروں کو ضروری سہولتوں کی فراہمی شامل ہے۔ جب کہ چھوٹے کسانوں اور کاروباری حضرات کو قانونی مدد کی فراہمی بھی اس پروگرام کا حصہ ہے۔

XS
SM
MD
LG