امریکہ اور خیبر پختون خواہ پولیس نے ایک یاداشت پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت امریکی حکومت ایک کروڑ ستر لاکھ ڈالر مالیت کی گاڑیاں، مواصلاتی نظام کے لیے استعمال ہونے والے آلات سمیت دیگر سازوسامان فراہم کرے گا۔
امریکی دفتر خارجہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ گاڑیاں اوردیگرسامان صوبے کی پولیس اور خصوصی ’ایلیٹ فورس‘ کواپنی ذمہ داریاں نبھانے اور عوام کو تحفظ فراہم کرنے کی کوششوں میں مددگار ثابت ہوگا۔
امریکی دفتر خارجہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار ویلیم آر براؤن فیلڈ اور صوبہ خیبر پختون خواہ کے انسپکٹر جنرل پولیس فیاض طورو نے اس یاداشتی تقریب کی صدارت کی۔
امریکہ پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تربیت اور آلات کی فراہمی کے علاوہ پولیس مراکز کی تعمیر میں مدد فراہم کرتا رہا ہے ۔ گذشتہ سال امریکہ نے قانون نافذ کرنے والے سویلین اداروں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے 10کروڑ 26لاکھ ڈالر امداد کا اعلان کیا تھا۔
بیان کے مطابق امریکہ اس سال خیبر پختون خواہ پولیس کو مزید تقریباً 440 گاڑیاں بشمول ٹرک،بکتر بنداور اہلکاروں کولے جانے والی گاڑیوں سمیت ایمبولینس اور موٹرسائیکل بھی فراہم کرے گا۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس معاہدے پر دستخط امریکہ کی مسلسل امداد کی غماز ی کرتا ہے۔