رسائی کے لنکس

شامی کردوں کو فضا سے اسلحے کی فراہمی غلط ہے: ایردوان


کوبانی
کوبانی

ترک رہنما نے کہا ہے کہ وہ یہ سمجھنے سے قاصر ہیں، آخر امریکہ کے لیے کوبانی کیوں اتنا اسٹریٹجک اہمیت کا حامل ہے۔

ترکی کے صدر، رجب طیب اردگان نے کہا ہے کہ امریکہ کی طرف سے کوبانی کے قصبے کے کنٹرول کی لڑائی میں داعش کے شدت پسندوں سے نبردآزما کُردوں کے لیے فوجی اسلحہ فضا سے گرانا ’غلط‘ تھا، جو علاقہ ترکی کی سرحد کے ساتھ واقع ہے۔

اِس سے پہلے، اِسی ہفتے، مسٹر اردگان نے ہتھیاروں، بارودی مواد اور طبی رسد پر مشتمل امریکی کھیپ پر نکتہ چینی کر چکے ہیں، کیونکہ پیراشوٹ کے ذریعے گرائے جانے والے بڑے پیکیجز میں سے بظاہر ایک غلط مقام پر گرا اور باغیوں کے ہاتھ لگ گیا۔

بقول اُن کے، اس سے یہ واضح ہوجانا چاہیئے کہ کس کی کس طرح سے مدد ہو رہی ہے۔ کیا یہ منطقی بات ہوگی کہ ساری کھیپ اُن تک نہ پہنچ پائے، بلکہ اس کا ایک حصہ اُن تک پہنچے؟ یہ انداز قابلِ قبول نہیں۔ ایسا کرنے کے اور بہت سے معقول اور زیادہ محفوظ طریقے موجود ہیں۔ جب معاملہ اس حساس نوعیت کا ہو، تو آپ ایسا نہیں کر سکتے۔ یہ محض جان چھڑانے کا معاملہ نہیں ہے‘۔

کئی ہفتوں سے، امریکہ کوبانی اور اس کے قرب و جوار میں داعش کے شدت پسندوں پر فضائی کارروائیاں کر رہا ہے، جس کا مقصد کرد جنگجوؤں کی مدد کرنا ہے، اور اُس کا کہنا ہے کہ وہ پُر اعتماد ہے کہ فضاٴسے گرائے گئے 28 میں سے 27 پیکیجز کامیابی کے ساتھ پہنچائے گئے۔

ترک رہنما نے کہا ہے کہ وہ یہ سمجھنے سے قاصر ہیں، آخر امریکہ کے لیے کوبانی کیوں اتنا اسٹریٹجک اہمیت کا حامل ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ وہاں کوئی بھی سویلین باقی نہیں، بلکہ صرف 2000کے قریب عسکریت پسند ہیں۔

اُنھوں نے یہ بھی کہا کہ داعش کے شدت پسندوں سے لڑنے والے شامی کُردوں کی کسی طرح کی اعانت، دہشت گرد ’کردستان ورکرز پارٹی‘ کی مدد کے مترادف ہے، جو عشروں سے ترکی سے آزادی کی جنگ لڑ رہی ہے۔

مسٹر اردگان نے کہا کہ ترکی دولتِ اسلامیہ سے لڑنے کے لیے عراقی کُرد فوج ’پیش مرگہ‘ کے جنگجوؤں کو ترکی سے ہو کر شام میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دے سکتا۔

عراق میں بدھ کے روز کُرد علاقائی حکومت نے کہا ہے کہ وہ اپنے جنگجوؤں کو کوبانی روانہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ تاہم، مسٹر اردگان نے کہا کہ براستہ ترکی شام جانے سے متعلق تفصیل ابھی طے نہیں ہوئی۔

ادھر کوبانی میں بدھ کے روز ہونے والی تازہ جھڑپوں کے بعد، دور دور تک دھویں کے سیاہ بادل اٹھتے دکھائی دے رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG