بالی وڈ اداکارہ ایشوریا رائے بچن کو ٹیکس ادا نہ کرنے پر نوٹس مل گیا ہے اور انہیں ادائیگی کے لیے 10 روز کا وقت دیا گیا ہے۔
بھارتی اخبار 'دی انڈین ایکسپریس' کے مطابق ٹیکس کلیکشن آفس نے ایشوریا رائے کو ان کی کمرشل زمین کے ٹیکس کی ادائیگی کے لیے نو جنوری کو نوٹس بھیجا تھا۔
نوٹس کے مطابق ایشواریا کو اپنی کمرشل زمین کا 21 ہزار 960 روپے ٹیکس ادا کرنا ہے جو انہوں نے گزشتہ ایک برس سے ادا نہیں کیا۔
اداکارہ کی یہ زمین ریاست مہاراشٹرا کے ضلع ناشک میں واقع ادوادی نامی گاؤں میں ہے۔اس علاقے کے تحصیل دار کے مطابق ایشوریا کی ملکیتی زمین کا رقبہ ایک ایکڑ ہے جس پر اداکارہ نے 'ونڈ مل فارم' یعنی ہوا سے بجلی پیدا کرنے والا فارم بنا رکھا ہے۔
ایشوریا رائے نے یہ زمین 2009 میں خریدی تھی۔
تحصیل دار اکناتھ بنگالی نے 'دی انڈین ایکسپریس' کو بتایا کہ اداکارہ کے قانونی مشیر نے ان سے ملاقات کی ہے اور کہا ہے کہ وہ بدھ تک زمین کا ٹیکس ادا کر دیں گے۔"
ان کے بقول، ایشوریا کمرشل زمین کا ٹیکس ادا کرتی رہی ہیں لیکن انہوں نے گزشتہ ایک برس کا ٹیکس ادا نہیں کیا۔"
اکناتھ بنگالی نے بتایا کہ ٹیکس ادائیگی کی یاددہانی کے لیے اداکارہ کو دو مرتبہ نوٹسز بھیجے گئے تھے لیکن ان پر کوئی جواب موصول نہیں ہوا تھا۔
اداکارہ ایشواریا کو حال ہی میں تاریخ پر مبنی تامل فلم 'پونین سیلون' میں دیکھا گیا تھا۔ اس فلم نے دنیا بھر سے 500 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا تھا۔