بالی وڈ اداکار اکشے کمار ان دنوں اپنی نئی آنے والی فلم 'سیلفی' کی پروموشن میں مصروف ہیں جس کے دوران انہوں نے نیا عالمی ریکارڈ بھی بنا لیا ہے۔
اکشے نے بدھ کو ممبئی میں اپنے مداحوں کے ساتھ تین منٹ کے اندر سب سے زیادہ سیلفیز بنوا کر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کرا لیا ہے۔
اداکار نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ریکارڈ بناتے وقت کی تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کی ہیں۔
اکشے کمار نے کہا کہ "میں نے زندگی میں جو کچھ حاصل کیا اور آج جہاں میں ہوں وہ صرف میرے مداحوں کی بے لوث محبت کی وجہ سے ہے، اور یہ میرا اُنہیں خصوصی خراجِ تحسین ہے۔"
اداکار نے بتایا کہ انہوں نے اپنے مداحوں کی مدد سے تین منٹ میں سب سے زیادہ سیلفیز بنانے کا عالمی ریکارڈ توڑا ہے۔ اکشے کمار نے تین منٹ میں 184 سیلفیز بنائیں۔
بھارتی نیوز ایجنسی 'اے این آئی' کے مطابق اکشے کمار نے امریکی شہری جیمز اسمتھ کا ریکارڈ توڑا ہے جنہوں نے 22 جنوری 2018 میں کروز شپ میں تین منٹ کے دوران 168 سیلفیز بنائی تھیں۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ سن 2015 میں ہالی وڈ اسٹار ڈوائن جانسن نے لندن میں اپنی فلم سان اینڈریاس کے پریمیئر کے دوران بنایا تھا۔
ڈوائن جانسن نے تین منٹ کے دوران 105 سیلفیز بنائی تھیں۔
اکشے کمار کی فلم 'سیلفی' 24 فروری کو سنیما گھروں کی زینت بننے کے لیے تیار ہے۔ 'سیلفی' ملیام زبان کی فلم 'ڈرائیونگ لائسنس' کی آفیشل ہندی ری میک ہے۔
'سیلفی' میں اکشے کمار کے ساتھ اداکار عمران ہاشمی، اداکارہ نشرت بھروچا اور ڈیانا پینٹی مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔